0
Wednesday 27 Mar 2019 10:53

پاکستان نے تمام پروازوں کیلئے فضائی حدود بحال کر دی

پاکستان نے تمام پروازوں کیلئے فضائی حدود بحال کر دی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافے کی وجہ سے بند کی گئی فضائی حدود کو 28 روز بعد تمام ملکی اور غیرملکی پروازوں کے لیے مکمل طور پر بحال کر دیا۔ رواں ماہ کے آغاز میں ملک میں اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سے جزوی طور پر پروازوں کا آپریشن بحال کیا گیا تھا۔ تاہم اب تمام ایئرپورٹس سے ملکی اور غیر ملکی ایئر لائنز کے فلائٹ آپریشنز شیڈول کے مطابق بحال ہو جائے گا لیکن ٹرانزٹ پروازیں معطل رہیں گی۔ خیال رہے کہ سیکورٹی صورتحال کے تناظر میں 27 فروری کو تمام ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے لیے پاکستان نے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں، جس کے بعد پروازوں کا آپریشن معطل ہو گیا تھا۔ سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام فضائی کمپنیوں کو اپنی فضائی حدود کی بندش سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیے گئے تھے۔ اس ماہ کے آغاز میں پاکستان نے تقریباً ایک ہفتے تک فضائی حدود کی بندش کے بعد اسلام آباد، کراچی، پشاور اور کوئٹہ سے محدود پروازوں کا آپریشنز بحال کیا تھا، بعد ازاں علامہ اقبال انٹرنیشل ایئرپورٹ لاہور پر بھی محدود پروازوں کے آپریشن کی اجازت دے دی گئی تھی۔ اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور کا کہنا تھا کہ فضائی حدود کھلنے کے بعد پاکستان انٹرنیشل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے ملک کے تمام ایئرپورٹس پر اپنی فلائٹس بحال کر دی ہیں اور لاہور سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے لاہور کی فلائٹس شیڈول کے مطابق آپریٹ ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی کراچی سے ملتان آنے اور جانے والی فلائٹس بھی شیڈول کے مطابق آپریٹ کریں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی کراچی سے سکھر کی فلائٹ بھی شیڈول کے مطابق آپریٹ کریں گی، اس کے علاوہ قومی ایئرلائنس کی بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ خازی خان کے لیے پروازوں کو آپریشن بحال ہو گیا ہے لیکن سیالکوٹ کے لیے پروازیں وہاں کے ایئرپورٹ کے رن وے کی مرمت کے کام کے بعد 28 مارچ کو بحال ہوں گی۔ ہوائی جہاز کمپنیوں کے لیے جاری حالیہ نوٹس میں کہا گیا کہ پاکستان میں ایئرپورٹس پر آنے اور جانے کے لیے پروازوں کا آپریشن اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد اور ملتان سے آپریشن گھنٹوں کے مطابق دستیاب رہے گا۔ تاہم سیکورٹی وجوہات کی بنا پر بینکاک، کوالالمپور اور نئی دہلی کے لیے پروازیں نہیں چلیں گی۔
خبر کا کوڈ : 785395
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش