0
Thursday 28 Mar 2019 10:03

این ٹی ایس ہماری حکومت کا بڑا کارنامہ ہے، شاہ غلام قادر

این ٹی ایس ہماری حکومت کا بڑا کارنامہ ہے، شاہ غلام قادر
اسلام ٹائمز۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ کوہالہ پن بجلی کا منصوبہ بننا چاہے۔ واپڈا کو توانائی کے اس اہم قومی منصوبے سے جڑے دیگر مسائل کو بھی حل کرنا چاہیے اور مقامی لوگوں کے اس منصوبے کے حوالے سے تحفظات کو اولین فرصت میں دور کرنا چاہیے۔ گزشتہ روز مرکزی ایوان صحافت کی نومنتخب انتظامیہ کے اعزاز میں دے گئے عشائیہ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر لائن آف کنٹرول کے راستے شاردہ راہداری کو مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے کھولنے کے حق میں ہیں۔ تاہم اس حوالے سے تاحال ان کے ساتھ کسی سطح پر مشاورت کی گئی اور نہ ہی انہیں اس بارے میں کوئی علم ہے۔ انہوں نے کہا شاردہ راہداری کو کھولنے کے حوالے سے انہیں سماجی میڈیا کے ذریعے علم ہوا یے تاہم وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اس اہم مسلہ کے بارے میں معلومات حاصل کر کے ہی اس پر کوئی بات کر سکتے ہیں۔

نیلم ویلی میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ طویل موسم سرما اور طوفانی برفباری کے باوجود نیلم ویلی میں بجلی بند نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا اگر سابق حکومتیں منصوبے کے تحت سالانہ صرف دو کلومیٹر نیلم ویلی کی مرکزی شاہراہ کو تعمیر کرتیں تو آج تک پوری سڑک مکمل ہو چکی ہوتی۔ سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا کہ اٹھمقام سے دودھنیال تک 35 کلومیٹر سڑک کو ایک ارب روپے سے مکمل کیا جائے گا جس کا اگلے ماہ ٹینڈر ہو گا۔ دودھنیال سے کیل مزید 35 کلومیٹر سڑک کا ٹینڈر بھی جلد ہونے والا ہے۔ اس سڑک کی 18 فٹ چوڑائی ہو گی اور دونوں اطراف کنکریٹ دیوارں سے محفوظ بنایا جائے گا تاکہ برفباری کے دوران بھی یہ سڑک ٹریفک کے لئے کھلی رہے۔ انہوں نے کہا اسی سڑک کا تیسرا مرحلہ کیل سے پھلاوئی تک ہے جو 22 کلومیٹر پر مشتمل ہے جس کی ڈیزائننگ بھی اگلے ماہ شروع کی جائے گی تاکہ نیلم ویلی کا پورا علاقہ سردیوں میں بھی کھلا رہے۔ نیلم ویلی روڈ کو تین مراحل میں اگلے دو سال تک مکمل کیا جائے گا۔۔ نیلم ویلی کے ہر گھر میں بجلی بھی پہنچ چکی ہے۔ کنڈل شاہی پاور ہاوس میں 40 سال پرانی مشینری تبدیل کر کے اس کی مکمل پیداواری صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا۔

سپیکر شاہ غلام قادر نے این ٹی ایس کو مسلم لیگ نواز حکومت کا بڑا کارنامہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار پوری وادی میں سرکاری نوکریاں سیاسی، قبیلائی وابستگیوں اور پیسے کے عمل دخل سے بالاتر ہو کر مکمل طور پر میرٹ پر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا اسی پالیسی کے گریس جیسے پسماندہ و دور دراز علاقے کے کئی افراد کو بطور معلم روزگار ملا جو حقیقی اور اجھی تبدیلی کا غماز ہے۔ انہوں نے کہا این ٹی ایس کے بعد آزادکشمیر کے ارکان اسمبلی پر اب من پسند لوگوں کو نوکریاں دینے کا الزام نہیں لگے گا۔ سپیکر شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ ان کے انتخابی حلقے میں لوکل گورنمنٹ کی سکیمیں زمین پر نظر آ رہی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 785566
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش