0
Thursday 4 Apr 2019 21:04

علامہ اقبال کی دلی خواہش تھی کہ مسلمان ایک بار پھر دنیا کی عظیم قوم بن جائیں، سید اشفاق بخاری

علامہ اقبال کی دلی خواہش تھی کہ مسلمان ایک بار پھر دنیا کی عظیم قوم بن جائیں، سید اشفاق بخاری
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر تحریک شاہ ہمدان (رہ) کے سربراہ سید اشفاق بخاری الشافعی نے کہا کہ علامہ اقبال (رہ) عالم اسلام کے عظیم مفکر ہیں۔ اشفاق بخاری نے کہا کہ علامہ اقبال نے اسلام اور مسلمان کو اپنی شاعری اور فلسفے کا موضوع بنایا اور وہ مسلمانوں کے زوال سے بہت متفکر تھے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کی دلی خواہش تھی کہ مسلمان ایک بار پھر دنیا کی عظیم قوم بن جائیں اور آخری عمر میں وہ بڑی بے تابی کے ساتھ مسلمانوں کو متحد ہونے کا پیغام دیتے رہے۔ سید اشفاق بخاری نے کہا کہ علامہ اقبال ایک دیانتدار مفکر تھے اور ان کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں تھا نہ ہی وہ ذاتی شہرت کے اسیر تھے۔

مولانا سید اشفاق بخاری نے کہا کہ علامہ اقبال سچے مفکر کی طرح ارتقائی منازل طے کرتے رہے اور ان کی فکر میں بلوغت آتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ جب اقبال کی فکر کا کینوس وسیع ہوا تو وہ وطنیت سے ملیت کی منزل تک پہنچ گئے اور امت مسلمہ کو اپنا موضوع بنالیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصور یہ ہے کہ مسلمانوں اور دنیا کی دوسری قوموں میں اصولی فرق یہ ہے کہ قومیت کا اسلامی تصور مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگ اس برادری سے تعلق رکھتے ہیں، جو جناب رسالت مآب (ص) نے قائم فرمائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ مظاہر کائنات کے متعلق ہم سب کے عقائد کا سرچشمہ ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقبال مسلمانوں کو ایک ملت میں گم ہوجانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا ماننا ہے کہ جب مسلمانوں کا خدا ایک، قرآن ایک، رسول (ص) ایک، کعبہ ایک اور دین ایک ہے پھر وہ فرقوں اور گروہوں میں کیوں تقسیم ہوگئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 785568
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش