0
Thursday 28 Mar 2019 16:25

گلگت بلتستان اسمبلی میں ہنگامہ، گالم گلوچ، عمران وکیل نواز ناجی پر حملہ آور ہو گئے

گلگت بلتستان اسمبلی میں ہنگامہ، گالم گلوچ، عمران وکیل نواز ناجی پر حملہ آور ہو گئے
اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے اجلاس میں بولنے کی اجازت نہ ملنے پر ہنگامہ، گالم گلوچ، وزیر جنگلات عمران وکیل نواز خان ناجی پر حملہ آور ہو گئے، دیگر اراکین نے بیچ بچاؤ کرایا۔ نواز خان ناجی نے ایوان سے واک آؤٹ کیا تو قائد حزب اختلاف محمد شفیع اور پی پی کے جاوید حسین نے بھی ان کے ساتھ واک آؤٹ کیا۔ جبکہ اپوزیشن کے دیگر ممبران ایوان میں بیٹھے رہے۔ ایوان کی کارروائی جب شروع ہوئی تو نواز خان ناجی اپنی نشست پر کھڑے ہو گئے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام پر بات کرنا چاہی تو اسپیکر نے انہیں ٹوکتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی نشست پر بیٹھ جائیں جس پر نواز خان ناجی اچانک غصے میں آ گئے اور کہا کہ یہ بکواسیات نہیں چلیں گی، پہلے اے ڈی پی پر بات ہو گی جس پر اسپیکر نے کہا کہ بکواس مت کرو، نواز خان ناجی نے کہا کہ تم بکواس کرتے ہو۔ ترقیاتی فنڈز کے پیسے بھی نہیں دیئے اور اب بولنے بھی نہیں دو گے یہ دہشت گردی نہیں چلے گی، اس طرح کی اسمبلی کی کوئی ضرورت نہیں ہے، آپ اس طرح اسمبلی نہیں چلا سکتے۔

نوازخان ناجی کے زور زور سے بولنے پر دیگر ممبران انہیں روکنے کے لئے ان کے پاس گئے اس دوران وزیر جنگلات عمران وکیل ان پر حملہ آور ہونے کے لئے غصے کی حالت میں آگے بڑھے مگر جاوید حسین اور دیگر ممبران نے انہیں روک دیا۔ اس دوران نواز خان ناجی اجلاس سے واک آؤٹ کر کے چلے گئے، ان کے ایوان سے چلے جانے کے بعد اسپیکر فدا محمد ناشاد نے ڈپٹی اسپیکر جعفر اللہ کو خوراک کی قائمہ کمیٹی کی سفارشات ایوان میں پیش کرنے کو کہا تو قائدحزب اختلاف کیپٹن شفیع خان اپنی نشست پر کھڑے ہو گئے اور کہا کہ پہلے اے ڈی پی پر بات ہو گی اس کے بعد ایجنڈے پر بات کریں گے، مگر اسپیکر نے انہیں بولنے کی اجازت نہیں دی، جس پر قائد حزب اختلاف بھی ایوان سے اٹھ کر چلے گئے ساتھ پی پی کے جاوید حسین نے بھی واک آؤٹ کیا۔
خبر کا کوڈ : 785642
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش