0
Thursday 28 Mar 2019 17:37

نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کیلئے 10 سالہ ترقیاتی منصوبہ مرتب

نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کیلئے 10 سالہ ترقیاتی منصوبہ مرتب
اسلام ٹائمز۔ خیبرپختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے قبائلی اضلاع کی دیرپا ترقی اور معاشی خوشحالی کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت 10 سالہ ترقیاتی منصوبہ مرتب کیا ہے۔ پلان کے تحت ضم شدہ اضلاع میں وہاں کے عوام کی باہمی مشاورت سے ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا۔ حکومت قبائلی اضلاع کے عوام کی برسوں کی محرومیوں کے خاتمے اور سابقہ فاٹا کے انضمام کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنانے کے لئے وہاں کے عوام کو نہ صرف ترقیاتی عمل بلکہ فیصلہ سازی کے عمل میں بھی ان کی بھرپور نمائندگی کو یقینی بنائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقیاتی پروگرام (UNDP) پاکستان کے اعلٰی حکام سے پشاور میں قبائلی اضلاع کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے وضع کردہ 10 سالہ ترقیاتی پلان سے متعلق منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں یو این ڈی پی کے کنٹری ڈائریکٹر کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی حکومت اور یو این ڈی پی کے مابین صوبے اور بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی تعمیر و ترقی اور معاشی خوشحالی کے لئے باہمی تعاون کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں قبائلی اضلاع کے لئے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بنائے گئے 10 سالہ ترقیاتی پلان کے مختلف پہلوؤں پر بھی تفصیلی بحث کی گئی۔ وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی حکومت قبائلی اضلاع کی پائیدار ترقی، وہاں کے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے لئے نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ یو این ڈی پی کے حکام نے صوبائی حکومت کے ترقیاتی پلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یو این ڈی پی پہلے ہی ضم شدہ اضلاع کی پائیدار ترقی کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ اجلاس میں دونوں جانب سے باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیاگیا۔
خبر کا کوڈ : 785652
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش