QR CodeQR Code

حکومت اور اتحادی بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، وزیراعلٰی بلوچستان

28 Mar 2019 23:40

بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت صوبے کے مستقبل کے لئے اقدامات کر رہی ہے، 100 بار باور کرانے کے باوجود اپوزیشن شور مچا رہی ہے، اپوزیشن احتجاج کرے مگر ایوان اور صوبے کی روایات کا خیال رکھے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیرِاعلٰی بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بلوچستان کی تیس سالہ پرانی ریکروٹمنٹ پالیسی جلد تبدیل کرے گی۔ وزیراعلٰی جام کمال بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی 30 سال پرانی ریکروٹمنٹ پالیسی جلد تبدیل کریں گے۔ بلوچستان حکومت صوبے کے مستقبل کے لئے اقدامات کر رہی ہے، 100 بار باور کرانے کے باوجود اپوزیشن شور مچا رہی ہے، اپوزیشن احتجاج کرے مگر ایوان اور صوبے کی روایات کا خیال رکھے۔ جام کمال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی جانب سے پی ایس ڈی پی (پبلک سیکٹر ڈیویلپمنٹ پروگرام) پر کمیٹی کا مطالبہ سامنے آیا ہے، عدالت میں پی ایس ڈی پی کیس 2016ء سے دائر ہے، لیکن اپوزیشن نے عدالت کے فیصلے کا صرف پہلا پیرا پڑھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اتحادی بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں، سابقہ حکومت کی 450 اسکیمیں جون تک مکمل ہو جائیں گی، پی ایس ڈی پی میں 2003ء سے 2013ء تک کی اسکیمیں شامل ہیں۔ وزیراعلٰی کا کہنا تھا کہ 30 ارب روپے کی اسکیموں کی منظوری ہماری حکومت نے دی، ان اسکیموں کا فائدہ صرف حکومت نہیں بلکہ عوام کو ہوگا۔ خیال رہے کہ بلوچستان میں اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ ہے کہ انہیں ترقیاتی پروگرام کے تحت یکساں فنڈز فراہم کئے جائیں، انہوں نے فنڈز میں کٹوتی پر صوبائی اسمبلی میں احتجاج بھی کیا۔
 


خبر کا کوڈ: 785727

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/785727/حکومت-اور-اتحادی-بلوچستان-کو-ترقی-کی-راہ-پر-گامزن-کرنا-چاہتے-ہیں-وزیراعل-ی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org