0
Friday 29 Mar 2019 11:00

بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش کا امکان

بالائی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارش کا امکان
محکمہ موسمیات نے جمعے کے روز  خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج صبح بادل چھائے رہے اور درجہ حرارت بھی 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد ڈویژن میں بھی تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ سکھر، حیدر آباد، کراچی، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور اور ساہیوال ڈویژن میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ سندھ کے اکثر اضلاع میں آج مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا تاہم بارش کا امکان نہیں۔ کراچی کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔ آج صبح  درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا اور دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغرب کی جانب سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 6  نارٹیکل میل ریکارڈ کی گئی اور ہوا میں نمی کا تناسب بھی 74 فیصد رہا۔ کراچی میں آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا لیکن بارش کا امکان نہیں۔ پنجاب اور آزاد کشمیر کے اکثر اضلاع میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، لاہور، گجرنوالہ، گجرات اور سیالکوٹ سمیت متعدد اضلاع میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج بلوچستان کے چند اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ قلعہ عبداللہ، ماشکیل اور ژوب میں ہلکی بارش متوقع ہے تاہم دیگر اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا۔ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا، کالام، لوئر دیر، میرکھانی، مالم جبہ، اپر دیر میں ہلکی بارش ہوئی۔
خبر کا کوڈ : 785774
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش