0
Friday 29 Mar 2019 18:20

مشال قتل کیس، بری اور سزا پانے والے ملزمان کیخلاف اپیلیں دائر

مشال قتل کیس، بری اور سزا پانے والے ملزمان کیخلاف اپیلیں دائر
اسلام ٹائمز۔ مشال خان قتل کیس میں بری ہونے والے ملزمان اور عمر قید کی سزا پانے والے ملزم کی سزا کو سزائے موت میں تبدیل کرنے کیلئے پشاور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کردی گئی ہے۔ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے شعبہ صحافت کے طالبعلم مشال خان قتل کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے بری ہونے والے دو ملزمان اظہار اور صابر کی بریت کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کرنے کے ساتھ ساتھ عمر قید کی سزا پانے والے کونسلر عارف اور اسد کاٹلنگ کی سزا کو سزائے موت میں تبدیل کرنے کیلئے اپیلیں دائر کر دی گئیں ہیں۔ یہ اپیلیں مشال خان کے والد اقبال خان کی جانب سے بیرسٹر عامر امیراللہ چمکنی نے دائر کی ہیں، جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ٹھوس شواہد کے باوجود دو ملزمان اظہار اور صابر کو بری جبکہ جن دفعات میں ملزمان اسد اور عارف کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے وہ بھی کم ہے کیونکہ انہوں نے دن دیہاڑے ایک بےگناہ انسان کو قتل کیا اور اس پر توہین رسالت کا الزام لگایا۔

اپیل میں یہ بھی استدعا کی گئی ہے کہ اس حوالے سے ٹرائل کورٹ نے اہم شواہد کو نظر انداز کیا ہے اور ملزمان کو شک کا فائدہ دیکر بری کیا گیا ہے، حالانکہ ویڈیو میں ملزمان کو موقع پر موجود پایا گیا ہے، لہٰذا عدالت ملزمان ظابر اور اظہار کی بریت کو کالعدم قرار دیکر انہیں سزا دے، جبکہ عارف اور اسد کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کرے۔ واضح رہے کہ مشال خان کو اپریل 2017ء میں توہین رسالت کے الزام میں مردان میں ہجوم نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل تھا جس کے بعد پولیس نے ایف ائی ار میں 61 ملزمان کو نامزد کیا تھا اور تحقیقات کیلئے ایک خصوصی جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔ ابھی تک اس کیس میں ایک ملزم کو عمران کو سزائے موت جبکہ 7 ملزمان کو عمر قید کی سزا ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 25 ملزمان کو 4 سال قید کی سزا جبکہ 26 ملزمان کو رہا کیا گیا ہے۔ 4 سال کی سزا پانے والے ملزمان کو پشاور ہائیکورٹ نے ضمانت پر رہا کیا تھا۔
خبر کا کوڈ : 785847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش