0
Sunday 31 Mar 2019 00:30

یوم الارض، غزہ میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں کے دوران 3 شہید اور 100 سے زائد زخمی

یوم الارض، غزہ میں اسرائیل کے خلاف مظاہروں کے دوران 3 شہید اور 100 سے زائد زخمی
اسلام ٹائمز - مقبوضہ فلسطین میں ہفتے کی صبح "یوم الارض" کی 43ویں اور "اپنی سرزمینوں پر واپسی کے مظاہروں" کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مکمل ہڑتال اور مظاہرے ہوئے۔ مقبوضہ فلسطین کی صفا نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت صحت نے مظاہروں کے آخری لمحات تک غاصب صیہونی فوجیوں کی سیدھی فائرنگ سے 3 فلسطینی جوانوں کی شہادت کی خبر دی ہے۔ ان میں سے صبح کے وقت شہید ہونے والا ایک 20 سالہ جوان "محمد جہاد جودت شعث" ہے جبکہ باقی دو جوان عصر کے قریب شہید کئے گئے۔ اسی طرح غاصب صیہونی فوجیوں کی سیدھی فائرنگ، ربڑ کی گولیوں اور آنسو گیس کے شیل لگنے سے اب تک 100 سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہو چکے ہیں۔ اس دوران طبی امداد پہنچانے والے کارکن اور ایمبولینسز کی گاڑیاں بھی صیہونی فوجیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنتی رہیں۔
 
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز "اپنی سرزمینوں پر واپسی کے مظاہروں" کی پہلی سالگرہ تھی۔ یہ ان مظاہروں کا سلسلہ ہے جو گزشتہ سال ہر جمعے کو برپا کئے جاتے تھے۔ وزارت صحت کے مطابق گزشتہ ایک سال میں اب تک اپنے گھروں کو واپس جانے کا مطالبہ کرنے والے 266 فلسطینی ان پرامن مظاہروں میں غاصب صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہو چکے ہیں جن میں 50 بچے بھی شامل ہیں۔ ان تمام شہداء کے علاوہ گزشتہ ایک سال کے دوران 30,000 سے زائد فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق "یوم الارض" اس خاص واقعے کی طرف اشارہ کرتا ہے جب 30 مارچ 1976ء کے روز غاصب صیہونیوں نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع "الجلیل" کے اطراف کے دیہات پر مشتمل 21,000 ایکڑ اراضی پر قبضہ کر کے وہاں کے باسیوں کو نکال باہر کیا تھا۔ یہ واقعہ پورے مقبوضہ فلسطین میں صیہونیوں کے ساتھ جھڑپوں، غاصب اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں 6 فلسطینیوں کی شہادت، 49 فلسطینیوں کے زخمی ہونے اور 300 سے زائد جوانوں کے گرفتار ہونے کا سبب بنا تھا۔
 
 
خبر کا کوڈ : 786096
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش