1
Sunday 31 Mar 2019 00:40

گولان ہائیٹس کو اسرائیل کا حصہ قرار دینا انتہائی خطرناک اقدام ہے، ترکی

گولان ہائیٹس کو اسرائیل کا حصہ قرار دینا انتہائی خطرناک اقدام ہے، ترکی
اسلام ٹائمز - ترکی کے وزیر دفاع "خلوصی آکار" نے شام کے گولان ہائیٹس کے علاقے کو امریکہ کی طرف سے غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کی سرزمین کا حصہ تسلیم کرنے کے اقدام کو انتہائی غلط اور خطرناک قرار دیا ہے۔ خلوصی آکار نے امریکی صدر ٹرمپ کے اس اقدام کے سراسر غلط پونے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ آج جس چیز کا بیج بوئیں گے کل اسی کی فصل کاٹیں گے۔
 
یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے اپنے ایک صدارتی آرڈینینس کے ذریعے شام کے علاقے گولان ہائیٹس پر غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے قبضے کو قانونی طور پر تسلیم کر لیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق گولان ہائیٹس کا علاقہ شام کے صوبے "القنیطرہ" کا حصہ ہے جو 1967ء میں عرب ممالک کے ساتھ اسرائیل کی چھ روزہ جنگ کے دوران اسرائیل کے قبضے میں چلا گیا تھا جبکہ اسرائیل نے 1982ء میں باقی مقبوضہ علاقوں کے ساتھ ساتھ گولان ہائیٹس کو بھی اپنی ریاست کے ساتھ ملحق کرنے کا اعلان کیا تھا۔

قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گولان ہائیٹس سے متعلق اپنے آرڈینینس پر دستخط کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب 52 سال کے بعد وقت آن پہنچا ہے کہ امریکہ گولان ہائیٹس پر اسرائیلی حاکمیت کو تسلیم کر لے کیونکہ یہ علاقہ اسرائیل کی سلامتی اور بقاء کے لئے اسٹریٹیجک اہمیت کا حامل ہے۔
 
 
خبر کا کوڈ : 786098
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش