QR CodeQR Code

بھکر میں پیش آنیوالے حادثے میں نوجوان زندگیوں کا ضیاع نہایت صدمہ انگیز ہے، عمران خان

31 Mar 2019 14:42

گذشتہ روز بھکر کے علاقے جیسے والا کے قریب مسافر بس نے طالبات کے رکشہ کو کچل دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں چھ طالبات اور رکشہ ڈرائیور سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد بس کے نیچے پھنس گئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھکر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے بھکر حادثے میں 6 طالبات اور رکشہ ڈرائیور پر اظہار افسوس اور جاں بحق افراد کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا۔ انکا کہنا تھا کہ طالبات اسکول سے آرہی تھیں،میری دعائیں مرحومین کیساتھ ہیں۔ بھکر میں پیش آنے والے حادثے میں نوجوان زندگیوں کا ضیاع نہایت صدمہ انگیز ہے۔ سکول سے واپسی کے دوران 6 بچیاں اور انکا رکشہ ڈرائیور حادثے کی نذر ہوگئے۔ میری تمام دعائیں اور ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز بھکر کے علاقے جیسے والا کے قریب مسافر بس نے طالبات کے رکشہ کو کچل دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں چھ طالبات اور رکشہ ڈرائیور سمیت 7 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد بس کے نیچے پھنس گئے تھے۔ جنہیں بس کے نیچے سے نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والی طالبات امتحان دینے کے بعد امتحانی سینٹر سے واپس آ رہی تھیں۔ ڈپٹی کمشنر بھکر اور ڈی پی او نے براہ راست امدادی کاموں کی نگرانی کی۔ حادثہ کے بعد مقامی افراد نے روڈ کو ٹریفک کے لئے مکمل طور پر بند کرکے احتجاج کیا تھا جبکہ مشتعل مظاہرین نے رکشے کو کچلنے والی بس کو آگ لگا دی تھی۔
وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار نے بھکر کے قریب جھنگ روڈ پر ٹریفک حادثے میں طالبات اور رکشہ ڈرائیور کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا تھا۔ اس سے قبل گذشتہ سال نومبر میں موٹروے انٹرچینج کالا شاہ کاکو کے قریب مطالعاتی دورے پر جانے والی طلبا کی بس کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 25 بچے زخمی ہو گئے تھے۔ اسکول بس لاہور سے کھیوڑہ جا رہی تھی کہ موٹروے پر الٹ گئی، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی کاروائیوں کا آغاز کیا تھا۔
 


خبر کا کوڈ: 786160

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/786160/بھکر-میں-پیش-آنیوالے-حادثے-نوجوان-زندگیوں-کا-ضیاع-نہایت-صدمہ-انگیز-ہے-عمران-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org