0
Tuesday 2 Apr 2019 13:43

اسپیکر قومی اسمبلی نے نون لیگ کے الزام کو من گھڑت اور بےبنیاد قرار دے دیا

اسپیکر قومی اسمبلی نے نون لیگ کے الزام کو من گھڑت اور بےبنیاد قرار دے دیا
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ترجمان نے مسلم لیگ نون کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر پر لگائے گئے جانبداری کے الزام کو مسترد کردیا۔ مسلم لیگ نے الزام عائد کیا تھا کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کے دباؤ کے سبب اسپیکر قومی اسمبلی اپنی ذمے داریاں غیرجانبداری سے انجام نہیں دے پا رہے۔ لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی جانب سے کی گئی پریس کانفرنس کے چند گھنٹوں بعد ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی پر کوئی دباؤ نہیں اور وہ کسی کے دباؤ میں کام نہیں کر رہے۔ پریس کانفرنس کے موقع پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے الزام عائد کیا تھا کہ اسپیکر بے اختیار ہیں اور اکثر معاملات پر تحریک انصاف کے دباؤ کے سبب اپنی ذمے داریاں انجام نہیں دے پاتے۔

شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ اسپیکر اسمبلی نے کئی مواقعوں پر ان سے کہا کہ وہ دباؤ کا شکار ہیں۔ دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے ترجمان نے مسلم لیگ نون سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے ثبوت پیش کرے اور اس فرد کا نام بتائے جس سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بیان دیا تھا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ اسپیکر اپنی ذمے داریاں آزادانہ اور شفاف طریقے سے انجام دے رہے ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی کو میرٹ پر چلا رہے ہیں اور اسمبلی کا ریکارڈ اس کا ثبوت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے اب تک ایوان میں پیش کیے گئے ہر بل پر اراکین کو اپنے خیالات کے اظہار کا مکمل موقع فراہم کیا، یہ الزامات کہ اسپیکر کسی کے دباؤ میں کام کر رہے ہیں، سراسر من گھڑت اور بےبنیاد ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 786454
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش