0
Tuesday 2 Apr 2019 16:48
پیٹرول بم سے توجہ ہٹانے کیلئے اویس مظفر کی گرفتاری کی جھوٹی خبر چلائی گئی

عمران خان کی حکومت میں عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب گئے ہیں، بلاول بھٹو

عمران خان کی حکومت میں عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب گئے ہیں، بلاول بھٹو
اسلام تائمز۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ایک، دو سال سے اویس مظفر سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، پیٹرول بم گرانے سے توجہ ہٹانے کے لئے یہ جھوٹی خبر چلائی گئی۔ لاڑکانہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جہاں تک مجھے پتہ ہے یہ جھوٹی خبر ہے اور جان بوجھ کر چلائی گئی تاکہ عوام یہ نہ دیکھیں کہ ایک مرتبہ پھر پیٹرول بم گرا دیا گیا اور پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک انتقام کی بات ہے تو غیر جمہوری قوتوں کی ہمیشہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف کوشش رہی ہے کہ غریب کی آواز کو دبایا جائے۔ چیئرمین پی پی نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ ایک ٹارگٹ رہی ہے، ہم ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ضیاء، ایوب، مشرف کی آمریت کا مقابلہ کیا، دہشت گردوں کا مقابلہ کیا تو وہ کسی کٹھ پتلی حکومت سے تو نہیں ڈرے گی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت نے جن غلط پالیسیوں سے معیشت کو چلانے کی کوشش کی ہے اس کا نقصان ہر پاکستانی اٹھا رہا ہے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب گئے ہیں، گیس، بجلی اور کھانے پینے کی اشیا مہنگی ہوگئی ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے آج لاڑکانہ میں این آئی سی وی ڈی کی عمارت کا افتتاح کیا، انہوں نے کہا کہ سندھ میں جتنی ترقی صحت کے شعبے میں ہو رہی ہے دیگر صوبوں میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد سندھ حکومت نے بہترین کارکردگی دکھائی، جتنی ترقی سندھ میں ہو رہی ہے اتنی کسی صوبے میں نہیں ہورہی۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہریوں کی صحت کا خیال رکھنا حکومت کا کام ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں سندھ حکومت کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کریں۔ گوادر میں متحدہ عرب امارات نے دل کے ہسپتال کا افتتاح کیا، مجھے علم نہیں ہے کہ وہ مفت ہے یا نہیں، ہم چیریٹی پر نہیں چل سکتے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا ہسپتال میں مفت علاج ہوگا، یہ سندھ حکومت کا کارنامہ ہے کہ این آئی سی وی ڈی ہسپتال کو عالمی معیار کا ادارہ بنایا ہے۔
خبر کا کوڈ : 786489
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش