0
Tuesday 2 Apr 2019 22:21

عمران نیازی ملک کو اپنی خواہشات اور آمرانہ سوچ کے مطابق چلانا چاہتے ہیں، نواب وسان

عمران نیازی ملک کو اپنی خواہشات اور آمرانہ سوچ کے مطابق چلانا چاہتے ہیں، نواب وسان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نواب علی وسان نے کہا ہے کہ عمران نیازی ملک کو آئین کے تحت نہیں بلکہ اپنی خواہشات اور اپنی آمرانہ سوچ کے مطابق چلانا چاہتے ہیں، وزیراعظم اے ٹی ایم کے بغیر رہ نہیں سکتے، عوام کو کرپشن، نیب اور این آر او نا دینے کی باتیں کرنے والے نااہل جہانگیر ترین کو کابینہ اجلاس میں شرکت کرارہے ہیں، کیا جہانگیر ترین نے لوٹا ہوا پیسہ قومی خزانے میں جمع کرادیا ہے، عمران خان وزیراعظم بنوانے کا حق ادا کررہے ہیں، عمران نیازی حادثاتی طور پر وزیراعظم بن گئے ہیں اور ان کے وزراء ناتجربہ کار ہیں جو رات کو کچھ اور اور دن میں کچھ اور بیانات دیکر میڈیا کی زینت بنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلقہ خیرپور کنگری کے مختلف علاقوں میں پیپلز پارٹی کارکنوں سے تعزیتیں کرنے اور علی احمد ابڑو کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سات ماہ کی حکومت نے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں، ہر ماہ پیٹرول، گیس، بجلی میں اضافہ اور اربوں ڈالر قرض لیکر تبدیلی حکومت نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے، عوام منگائی اور بیروزگاری کے دلدل میں پس رہے ہیں۔

نواب وسان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی حکومت نہیں اسے عوام کی کوئی فکر نہیں، سندھ کی عوام نے کارواں ٹرین مارچ کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا تاریخی استقبال کرکے ثابت کیا ہے کہ عوام بلاول بھٹو زرداری سے محبت کرتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کے ٹرین مارچ سے وفاقی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کو اٹھارویں ترمیم پر حملہ نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی انکم سپورٹ پروگرام سے بی بی شہید بینظیر کا نام مٹانے دیں گے، عمران نیازی نے آئین سے چھیڑ چھاڑ کی تو پی پی پی کے جیالے سخت مزاحمت کریں گے۔ نواب وسان نے کہا کہ عمران نیازی ملک کو آئین کے تحت نہیں بلکہ اپنی خواہشات اور اپنی آمرانہ سوچ کے مطابق چلانا چاہتے ہیں، پاکستان کی عوام بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 786551
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش