QR CodeQR Code

کہیں سے تیل نہیں نکلا، صرف عوام کا تیل نکالا جا رہا ہے، مرتضیٰ وہاب

2 Apr 2019 23:58

اپنے ایک بیان میں مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے اندرونی خلفشار کی وجہ سے اپنا وجود کھوکھلا کر چکی ہے، فواد چوہدری اور شیخ رشید کا منصب مغلِ اعظم کے بھانڈوں جیسا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر برائے اطلاعات، قانون اور اینٹی کرپشن سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنے اندرونی خلفشار کی وجہ سے اپنا وجود کھوکھلا کر چکی ہے، فواد چوہدری اور شیخ رشید کا منصب مغلِ اعظم کے بھانڈوں جیسا ہے، بدزبانی میں شیخ رشید کا کوئی ہمسر نہیں ہو سکتا۔ اپنے ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وزرا عوام کی چیخیں نکالنے کے بعد کہتے ہیں کہ شکر ادا کرو، وزیر خزانہ اصطلاحات کی باتیں کرکے کس کو بے وقوف بنا رہے ہیں، معیشت کی بہتری کے نام پر عوام کو لالی پاپ دینا بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کی اپنے سابقہ آقا مشرف سے ہمدردی ان کے بیانات سے ظاہر ہے، آمروں کی باقیات نے ملک کو تعفن زدہ کر دیا ہے، سلیکٹیڈ حکمران کا کوئی وژن نہیں ہوتا، کہیں سے تیل نہیں نکلا، یہاں صرف عوام کا تیل نکالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین اور شاہ محمود قریشی کی لڑائی سے ان کی دال جوتیوں میں بٹ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری اپنی وزارت کے افسران کے ساتھ مغل شہنشاہ جیسا سلوک کر رہے ہیں، سندھ میں گورنر راج کا خواب انہیں دن میں دکھائی دے رہا ہے، گورنر سندھ وفاق کا نمائندہ بننے کے بجائے سیاسی جوڑ توڑ کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 786564

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/786564/کہیں-سے-تیل-نہیں-نکلا-صرف-عوام-کا-نکالا-جا-رہا-ہے-مرتضی-وہاب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org