QR CodeQR Code

شہید بھٹو آج بھی پاکستانیوں کے دلوں کا حکمران ہے، ناصر حسین شاہ

3 Apr 2019 23:07

اپنے تہنیتی پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس کی بنیاد انسانی حقوق اور صوبائی خودمختاری کے اصولوں پر ہے، تبدیلی ووٹ کے ذریعے آنی چاہیئے نہ کہ گولی کے ذریعے اور یہی پارٹی کے بانی چیئرمین کا دیا ہوا سیاسی سبق ہے۔


اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز، مذہبی امور، جیل خانہ جات و جنگلات و جنگلی حیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے پیپلز پارٹی کے بانی، سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی سے متعلق اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ شہید بھٹو امید کا منارہ نور تھے اور آنے والے وقتوں میں بھی وہ امید کا منارہ نور رہیں گے، پاکستان میں جمہوریت بھٹو کے لہو سے سینچی گئی ہے، بھٹو آج بھی پاکستانیوں کے دلوں کا حکمران ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس کی بنیاد انسانی حقوق اور صوبائی خودمختاری کے اصولوں پر ہے، تبدیلی ووٹ کے ذریعے آنی چاہیئے نہ کہ گولی کے ذریعے اور یہی پارٹی کے بانی چیئرمین کا دیا ہوا سیاسی سبق ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستانی قوم شہید ذوالفقار علی بھٹو کو کھونے کا درد صدیوں تک محسوس کرتی رہے گی، لیکن جنہوں نے اس عظیم لیڈر کی جان لی، وہ آج تاریخ کے کوڑے دان میں پڑے ہیں۔

انہوں نے حقیقی جمہوریت کی بنیاد حق رائے دہی پر قائم پارلیمانی نظام پر رکھی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار بھٹو کو جنرل ضیاءالحق کے مارشل لاء دور حکومت میں 4 اپریل 1979ء میں ایک متنازعہ ٹرائل کے بعد راولپنڈی میں پھانسی دیدی گئی جسے بعد ازاں عدالتی قتل قرار دیا گیا، ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو40 سال گزر جانے کے بعد بھی ان کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی۔


خبر کا کوڈ: 786727

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/786727/شہید-بھٹو-آج-بھی-پاکستانیوں-کے-دلوں-کا-حکمران-ہے-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org