0
Wednesday 3 Apr 2019 23:26

ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے وفد کی وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور سے ملاقات

ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے وفد کی وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور سے ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور خطے کے مجموعی مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا، وفد میں آغا علی رضوی، الیاس صدیقی، غلام عباس، عارف قنبری و دیگر شامل تھے۔ وفد نے وفاقی وزیر کو چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی تقرری کی سمری پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ کئی اور پارٹیوں اور سیاسی لوگوں نے بھی شدید اعتراض اٹھایا ہے، جس کے بعد میں نے یہ سمری روک دی ہے، تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کی کوشش کی جائے گی۔

ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے وفاقی وزیر کو یہ بھی بتایا کہ گلگت بلتستان میں خالصہ سرکار کے نام پر عوامی زمینوں پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیراعلٰی عوامی ملکیتی اراضی کو سرکاری اداروں کے نام الاٹ کروا رہے ہیں، جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ لوگ مجھے اس حوالے سے تحریری طور پر نشاندہی کریں کہ کہاں کہاں قبضہ کیا گیا ہے، اس کے بعد میں نوٹس لوں گا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ رواں ماہ کی 19 یا 20 تاریخ کو گلگت بلتستان کا دورہ کرونگا اور گلگت بلتستان کیلئے مجوزہ پیکیج کا اعلان بھی کرونگا، ساتھ ہی سی پیک کے تحت کئی منصوبوں کا افتتاح بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرٹ کی پامالی کے حوالے سے شکایات پر چیف سیکرٹری سے بات کرینگے۔
خبر کا کوڈ : 786729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش