0
Thursday 4 Apr 2019 01:46

بانی پیپلز پارٹی کی 40 ویں برسی، سندھ میں عام تعطیل، گڑھی خدا بخش میں تعزیتی جلسہ ہوگا

بانی پیپلز پارٹی کی 40 ویں برسی، سندھ میں عام تعطیل، گڑھی خدا بخش میں تعزیتی جلسہ ہوگا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی آج 40 ویں برسی منائی جارہی ہے۔ 4 اپریل 1979ء کے ایک عدالتی فیصلے کے نتیجے میں ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا تھا، اسے پاکستان کی تاریخ کے چند متنازعہ عدالتی فیصلوں میں شمار کیا جاتا ہے اور آج بھی اسے درست تسلیم نہیں کیا جاتا، پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں اور صحافت سے وابستہ افراد اسے عدالتی قتل قرار دیتے ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی کے موقع پر سندھ حکومت کی جانب سے صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور صوبائی حکومت کے ماتحت چلنے والے خودمختار و نیم خود مختار ادارے، کارپوریشنز اور لوکل کونسلز کے دفاتر بند رہیں گے۔ بانی پیپلز پارٹی کی برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں تعزیتی جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں پورے ملک سے جیالے شرکت کریں گے۔ جلسہ عام سے پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

ذوالفقار علی بھٹو کی 40 ویں برسی کے موقع پر پولیس نے گڑھی خدا بخش اور نو ڈیرو کے لئے فول پروف سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ سکیورٹی کے معاملات سنبھالنے کے لئے گڑھی خدا بخش اور نوڈیرو میں 6 ہزار 300 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ مختلف اضلاع کے 26 ایس ایس پیز گڑھی خدا بخش میں ڈیوٹی دیں گے۔ ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے 6 ایس پی ٹریفک اور 700 ٹریفک اہل کار بھی گڑھی خدا بخش اور نوڈیرو میں تعینات کئے جائیں گے، اسپیشل برانچ کے 700 اہل کار بھی اپنے فرائض انجام دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 786746
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش