0
Thursday 4 Apr 2019 18:47

ایم ڈبلیو ایم عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ والے کسی حکومتی فیصلے کی قطعاً تائید نہیں کریگی، علامہ اقتدار نقوی

ایم ڈبلیو ایم عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ والے کسی حکومتی فیصلے کی قطعاً تائید نہیں کریگی، علامہ اقتدار نقوی
اسلام ٹائمز۔ حکومت کے عجلت میں فیصلے عوام کے لئے مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں، ٹیکس چوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، ٹیکس چوروں کو ایمنسٹی سیکموں کے ذریعے ریلیف دینے کی بجائے غریب عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین جنوبی پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ اقتدار حسین نقوی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی نے پٹرول اور ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایک بیان میں کیا۔ علامہ اقتدار حسین نقوی نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی کے لیے بے پناہ مشکلات پیدا کر دی ہیں، عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں، مزید قیمتوں میں اس ہوشربا اضافے کے متحمل نہیں ہو سکتے، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں اشیائے خورد و نوش کو براہ راست متاثر کرتی ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ فیصلے عجلت میں کرنے کی بجائے عوامی مشکلات کو پیش نظر رکھ کر کرے، تحریک انصاف کی حکومت سے عوام کو بہت ساری توقعات وابستہ ہیں، عوام کی امیدوں پر پانی نہ پھیرا جائے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ادویات اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر نظرثانی کرے، ڈپٹی سیکرٹری جنرل سلیم عباس صدیقی نے کہا کہ مختلف حکومتیں اپنے عوام کو بنیادی ضروریات زندگی پر سبسڈی فراہم کرتی ہیں، اگر موجودہ اضافہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے مطابق ہے تو پھر عوام کو سبسڈی دیتے ہوئے پٹرول کی قیمت کم ہونی چاہیئے، مجلس وحدت مسلمین حکومت کے کسی ایسے فیصلے کی قطعا تائید نہیں کرے گی، جس سے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ اور رہن سہن متاثر ہو۔
خبر کا کوڈ : 786893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش