0
Thursday 4 Apr 2019 19:15

صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کا دورہ ملتان، پی ایم اے کے وفد سے ملاقات، زخمی ڈاکٹر کی عیادت

صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد کا دورہ ملتان، پی ایم اے کے وفد سے ملاقات، زخمی ڈاکٹر کی عیادت
اسلام ٹائمز۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے زیراہتمام نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سٹاف کلب میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی مہمان خصوصی صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد تھیں، جس میں ان سے ملتان اور اس کے گرد و نواح میں قائم سرکاری ہسپتالوں میں سرکاری سہولیات کی مزید بہتری کے لیے مختلف مطالبات کئے گئے۔ صدر پی ایم اے ملتان پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے اپنے خطاب میں کہا کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں بقیہ خالی رہ جانے والی ٹیچنگ فیکلٹی کی کمی پوری کی جائے، تحصیل و ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں چوبیس گھنٹوں کے لئے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی سیٹیں بڑھائی جائیں، نشتر ہسپتال کے تمام شعبوں میں سرکاری ادویات کی سو فیصد فراہمی ممکن بنائی جائے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال ملتان کو فوری طور پر فعال کیا جائے، مختلف شعبہ جات میں پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ ایم سی پی ایس کی اجازت دی جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں ڈاکٹروں کے تحفظ کے لیے سکیورٹی بل منظور کرایا جائے، انسٹیٹیوٹ آف ڈینسٹسٹری کا مستقل میڈیکل سپریٹنڈنٹ اور پرنسپل تعینات کیا جائے، اس کا نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، کارڈیالوجی ہسپتال کی نئی زیر تعمیر عمارت کا کام تیز کرایا جائے، ایم ٹی آئی ایکٹ کی وجہ سے پیدا ہونے والے ڈاکٹروں کے تحفظات کو سنا جائے اور ڈاکٹروں کی جاب سکیورٹی کی ضمانت سرکاری طور پر فراہم کی جائے، پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے گریجویٹ ڈاکٹروں کا سرکاری ہسپتالوں میں ہاوس جاب کے لئے درکار این او سی کا مسئلہ حل کرایا جائے، ڈینٹل سرجن اور ایف سی پی ایس میڈیکل آفیسرز کی پرموشن کا عمل شروع کرایا جائے، پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ سیکٹر میں کام کرنے والے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کے الاونس میں کٹوتی نہ کی جائے۔

پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹروں کے مسائل کے حل کیلئے وہ دن رات کام کر رہی ہیں، ملتان کے ڈاکٹروں کے تمام مسائل کے حل کے لئے اور وزارت صحت میں مزید بہتری کیلئے وہ کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گی۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مصطفٰے کمال پاشا نے صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر یاسمین راشد کے تمام مثبت اقدامات کی تعریف کی، ان کے ملتان آنے اور مسائل کے حل کے لئے تمام تجاویز پر مثبت رویئے کی تعریف کی۔
خبر کا کوڈ : 786896
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش