0
Saturday 6 Apr 2019 14:14
شریف خاندان نے ریاست کے اندر ریاست بنا رکھی ہے

جعلی شیر نیب کے سامنے ڈھیر ہو چکے ہیں، پاکستان عوامی تحریک

جعلی شیر نیب کے سامنے ڈھیر ہو چکے ہیں، پاکستان عوامی تحریک
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ اداروں پر حملے کرنا شریف خاندان کی سیاسی تربیت میں شامل ہے، حمزہ شہباز اپنے کرپٹ اور قانون شکن ’’بزرگوں‘‘ کے نقش قدم پر چل رہے ہیں، ماڈل ٹاؤن کے فرعون اقتدار کے نشے میں اپنا انجام بھول گئے تھے، پروفیسروں کو ہتھکڑیاں لگانے والے نیب اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کا شریف خاندان کے معاملے میں رویہ نرم کیوں ہوتا ہے؟، شریف برادران جس پولیس کے ذریعے سیاسی مخالفین کے گھروں پر حملے کرواتے تھے، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے تھے، آج وہی پولیس ان کے دروازوں پر کھڑی ہے، فرق صرف اتنا ہے کہ یہ فرعونی احکامات کیساتھ پولیس کو بھیجتے تھے مگر آج پولیس قانون کے مطابق ان کی گرفتاریوں کیلئے ان کے دروازوں پر آئی ہے۔
 
مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کا دامن صاف ہے اور ان کا عدالتوں پر اعتماد ہے تو پھر دو دن چوہے کی طرح بل میں کیوں گھسے رہے؟ انہیں تو خود گرفتاری دے دینی چاہیے تھی، مزاحمت سے ثابت ہوتا ہے کہ نیب آمدن سے زائد اثاثوں پر جو تحقیقات کر رہی ہے اس میں حمزہ شہباز پوری طرح ملوث ہیں اور انہیں بھی علم ہے کہ سارے گواہ اور ثبوت نیب کے ہاتھ لگ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کارکنوں کو انسانی ڈھال بنانے کی غیر انسانی حرکتیں بند کر دیں۔
 
پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدور بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور قاضی شفیق الرحمن نے اپنے بیان میں کہا کہ 17جون 2014ء کے دن پولیس شریف شاہی احکامات کیساتھ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ پر حملہ آور ہوئی تھی اور ان کے پاس کوئی وارنٹ نہیں تھے لیکن پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے اپنی رہائش گاہ پر پولیس کی بھاری نفری کی آمد کی اطلاع ملنے پر اپنے کارکنوں کو سختی سے حکم دیا تھا کہ کوئی قانون ہاتھ میں نہ لے، یہاں تک کہ پولیس نے سینکڑوں کارکنوں کو گولیاں مار کر شدید زخمی کیا، 10 سے زائد کارکنوں کو موقع پر شہید کر دیا گیا تھا، جن میں دو خواتین تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ بھی شامل تھی، اس کے باوجود ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنوں کو قانون ہاتھ میں لینے سے روکا اور آج کے دن تک 14 بیگناہوں کے قتل عام کا انصاف عدلیہ سے مانگ رہے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان نے ریاست کے اندر ریاست بنا رکھی ہے اور یہ اس قدر غنڈے ہیں کہ یہ نیب، عدلیہ کیا فوج کیساتھ لڑنے سے بھی باز نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کو ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کی آہیں اور سسکیاں لے ڈوبی ہیں، جعلی شیر نیب کے سامنے ڈھیر ہو چکے ہیں اور آج اس کرپٹ خاندان کی پاکستان سمیت پوری دنیا میں خاک اڑ رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 787176
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش