QR CodeQR Code

بھارت کی جانب سے پاکستان میں 16 سے 20 اپریل کے درمیان کارروائی کا خدشہ ہے، شاہ محمود قریشی

7 Apr 2019 12:00

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھی پلوامہ جیسا نیا واقعہ کرایا جاسکتا ہے، جس کا مقصد پاکستان پر سفارتی دباو بڑھانا اور اپنی عسکری کارروائی کا جواز فراہم کرنا ہے۔ شاہ محمود نے کہا کہ پاکستان نے پاکستان نے سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں 16 سے 20 اپریل کے درمیان کارروائی کا خدشہ ہے اور اس حوالے سے پاکستان کے پاس قابل بھروسہ اطلاعات ہیں کہ بھارت تیاری کر رہا ہے۔ ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ اس اطلاع کو عالمی برادری کے ساتھ شیئر کریں اور بھارتی عزائم کو بے نقاب کریں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنگ کے بادل اب بھی منڈلا رہے ہیں، مودی سرکار نے سیاسی مقاصد کے لئے پورے خطے کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے، ہمارے پاس مصدقہ انٹیلی جنس ہے کہ بھارت ایک اور جارحیت کا منصوبہ بنا رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت بہانے کے طور پر مقبوضہ کشمیر میں پلوامہ جیسا واقعہ بھی کراسکتا ہے، عالمی برادری بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ 71 کے بعد پہلی مرتبہ ایل او سی کو عبور کیا جاتا ہے، اس پر دنیا خاموش رہتی ہے، بہت سے ذمہ دار ممالک جانتے ہوئے کہ یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور پھر بھی خاموش رہتے ہیں، یہ خاموشی کیوں ہے، یہ جیو پولیٹیکس ہے جو خاموشی کی وجہ بن رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری کو خطے کی حساسیت کو سامنے رکھتے ہوئے خاموش نہیں رہنا چاہیے، انہیں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور کرنا چاہیے۔ وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کئی گنا شدت آئی ہے، جبر اور تشدد بڑھا ہے اور عالمی برادری کو اسے صرف نظر نہیں کرنا چاہیے۔
 


خبر کا کوڈ: 787337

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/787337/بھارت-کی-جانب-سے-پاکستان-میں-16-20-اپریل-کے-درمیان-کارروائی-کا-خدشہ-ہے-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org