0
Sunday 7 Apr 2019 13:07

سیاحت کا فروغ، خیبر پختونخوا حکومت نے عالمی بینک سے 12 کروڑ ڈالر مانگ لئے

سیاحت کا فروغ، خیبر پختونخوا حکومت نے عالمی بینک سے 12 کروڑ ڈالر مانگ لئے
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان کے اصلاحات کے ایجنڈے کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے عالمی بینک سے 12 کروڑ ڈالر طلب کرلئے ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت نے عالمی بینک سے اس بھاری سرمایہ کاری کی درخواست کی تاکہ صوبے میں سیاحت کا انفرا اسٹرکچر بنایا جاسکے، سیاحتی اثاثوں کو بڑھایا جاسکے اور صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے اہم مقامات کی مینجمنٹ کی جاسکے۔ عالمی بینک کی ٹیم ابھی اس منصوبے کا جائزہ لے رہی ہے اور توقع ہے کہ آسان قرض فراہم کرنے والے عالمی بینک کے ذیلی ادارے انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن سے قرض ملنے کے بعد اس منصوبے کو آئندہ مالی سال کے دوران شروع کیا جائے گا۔ عالمی بینک ممکنہ طور پر آئندہ ماہ قرض کی منظوری دیدے گا جہاں منصوبے کا تخمینہ 12 کروڑ ڈالر لگایا گیا ہے۔ اصلاحات کے ایجنڈے کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے ترقیاتی روڈ میپ میں معاشی بحالی، نوکریوں کے مواقع پیدا کرنے اور سیاحتی مراکز کی ترقی کو محور بنایا ہے، ان مقاصد کے حصول کیلئے صوبائی حکومت نے اپنے مربوط سیاحتی ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے معاونت کیلئے عالمی بینک سے رابطہ کیا تھا۔

مجوزہ منصوبے کے تحت ان سرگرمیوں کو فروغ ملے گا جن سے مشہور سیاحتی مقامات کالام اور گلیات میں انفرا اسٹرکچر کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے گا جبکہ اس سے چترال میں اعلٰی سیاحتی مصنوعات کی ترقی سیاحوں کی یہاں زیادہ رقم خرچ کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کرے گی۔ ساتھ ساتھ حکام کالاش کی ان وادیوں میں جہاں مقامی افراد بستے ہیں، وہاں سیاحوں کا دباؤں ہٹانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے جبکہ ناران سمیت دیگر علاقوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی حکام کو سیاحوں کی مینجمنٹ کیلئے بھرپور وسائل سے لیس کیا جائے گا۔ خیبر پختونخوا پاکستان میں سیاحت کا گڑھ ہے اور یہ تیزی سے مقامی سیاحوں کی پہلی ترجیح بنتا جا رہا ہے، قدرتی وسائل سے لیس ہونے کے ساتھ ساتھ یہ ہندوکش اور ہمالیہ کے پہاڑوں، شاندار مناظر، جنگلی حیات، ہرے بھرے جنگلات اور متعدد جھیلوں اور جھرنوں کی دولت سے مالا مال ہے۔ اہم تاریخی اور مذہبی مقامات کی موجودگی کی بدولت یہاں کی اہمیت دوچند ہو جاتی ہے جہاں اس علاقے میں مسلمان، ہندو اور بدھ مت کے ماننے والوں کی 2 ہزار سال پرانی وسیع تاریخ ہے۔
خبر کا کوڈ : 787361
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش