0
Sunday 7 Apr 2019 18:12

ایک نئے جوش کیساتھ کرپشن کیخلاف لڑیں گے، سراج الحق

ایک نئے جوش کیساتھ کرپشن کیخلاف لڑیں گے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق عمرہ ادائیگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، جماعت کے کارکنوں کی جانب سے سراج الحق کا لاہور ایئر پورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ لاہور کے نوجوانوں کا شکریہ ادا کرتا کہ انہوں سے استقبال کیا، 22 دنوں سے سعودی عرب رہا اور ہر پاکستانی کی طرح اپنے ملک اور عوام کیلئے دعائیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سعودی عرب سمیت پوری دنیا میں پاکستانی وطن سے محبت کرتے ہیں، پاکستان میں زرمبادلہ بھیجنے والوں میں سب سے بڑی تعداد سعودی عرب میں مقیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت موجودہ نظام اور حکومت سے اوورسیز پاکستانیوں کی بہت بڑی تعداد پریشان ہے، مہنگائی سے ہر کوئی رو رہا ہے، اسی طرح سعودیہ میں 26 لاکھ پاکستانی بھی پریشان ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ پہلے وہ 10 گھنٹے کام کر کے جو اپنے گھر بھیجتے تھے اس سے گزارا ہو جاتا تھا، اب وہ 20 گھنٹے کام کرنے پر مجبور ہیں، تمام وعدے، تبدیلی کے دعوے پانی پر لکیر کی مانند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودیہ میں رہنے والوں کو تسلی دی، حکومت کی ناکام پالیسیوں  اور یوٹرن کی وجہ سے وہاں کے لوگ بھی پریشان ہیں۔ امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ جب میں سعودی عرب گیا تو بجلی گیس اور ادویات کی قیمتیں اور تھیں اور اب کچھ اور ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ حکومت ماضی کی حکومتوں کو تسلسل ہے، حکومت میں کچھ چہرے تبدیل ہو گئے مگر ظلم برقرار ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ حکومت کا کوئی وژن نہیں، وہاں کے اخبارات میں بھی وزیر خزانہ کی خبریں لگتی رہیں، افراد کی تبدیلی نہیں نظام کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب عوام کیساتھ پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے نظام مصطفی(ص) ہی آخری آپشن ہے، جب تک ملک کو ترقی کی راہ پر نہ ڈال دیں چین سے نہیں بیٹھیں گے، اس وقت یہی کہوں گا کہ موجودہ حکومت گزشتہ حکومت کا تسلسل ہے، حکومت کو لات مارنے کا متحمل نہیں، پاکستان کو بہتر بنانے کی کوشش کروں گا۔ سراج الحق نے کہا کہ بھارت سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، اصل مسئلہ یہاں کے حکمرانوں سے لڑنے کا ہے، مودی سے لڑنا آسان ہے، بارڈر محفوظ ہے، دیکھنا یہ ہے کہ مشترکہ اپوزیشن کا ایجنڈا کیا ہے، ایجنڈہ ایک ہی ہونا چاہیے کہ اسلامی نظام ہو، باقی ذاتی  ایجندے بھولنے پڑیں گے، ایک نئے جوش کیساتھ کرپشن کیخلاف لڑیں گے۔
 
خبر کا کوڈ : 787398
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش