0
Monday 8 Apr 2019 17:46

مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف جماعت اسلامی ںے ایکشن پلان تیار کر لیا ہے، لیاقت بلوچ

مہنگائی اور بیروزگاری کیخلاف جماعت اسلامی ںے ایکشن پلان تیار کر لیا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما رہنما لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری غریب اور متوسط طبقہ کیلئے جان لیوا بنتی جا رہی ہے۔ بجلی، گیس، تیل، پانی اور دیگر ضروریات زندگی حتی کہ ادویات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے عمران خان حکومت کے تمام دعووں کو بے نقاب اور نااہلی کو عیاں کر دیا ہے، جو حکومت عوام کو معاشی اور معاشرتی عدل و انصاف نہ دے سکے، اسے اقتدار پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ وہ بہاولپور میں امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر کی رہائشگاہ پر ان کی عیادت کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب امیر ڈاکٹر فرید پراچہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کی ناکام اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے کاروبار ٹھپ ہوچکا ہے۔ پیداواری لاگت میں ہوشربا اضافے کی وجہ سے صنعت کا پہیہ جام ہوچکا ہے۔

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ برآمد کنندگان کیلئے عالمی مارکیٹ کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں رہا، جس کی وجہ سے برآمدات سکڑتی جا رہی ہیں۔ ڈالر مہنگا اور روپیہ کاغذ کا بے وقعت ٹکڑا بن چکا ہے۔ افراط زر بڑھتا اور مجموعی قومی پیداوار مسلسل گرتی چلی جا رہی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ملک بھر میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے، ملک بھر میں غریب عوام، کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کی آواز بن کر حکومت کے خلاف پُرامن احتجاج جاری رکھیں گے۔ قبل ازیں انہوں نے ڈاکٹر سید وسیم اختر کی عیادت کی اور ان کی صحت یابی کیلئے دعا کی، اس موقع پر امیر ضلع سید ذیشان اختر، نصیر احمد ناصر، چوہدری جاوید حسن بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 787574
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش