0
Monday 8 Apr 2019 18:04

وزیراعلٰی محمود خان نے خیبر میں داخلہ مہم کا افتتاح کردیا

وزیراعلٰی محمود خان نے خیبر میں داخلہ مہم کا افتتاح کردیا
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم اپریل 2019ء کا آغاز کردیا گیا۔ داخلہ مہم کا باقاعدہ افتتاح وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نے قبائلی ضلع خیبر کے علاقے جمرود سے کیا۔ قبائلی ضلع خیبر کے علاقے جمرود میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیاءاللہ خان بنگش، مشیر وزیراعلٰی برائے قبائلی اضلاع اجمل خان وزیر اور وفاقی وزیر مذہبی اُمور نور الحق قادری نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نے تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلع خیبر شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ہے، 14 سال دہشتگردی کی جنگ کے بعد ہم ترقی کی جانب گامزن ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ صوبے میں 26 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں، اس سال ہم نے 8 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کروانا ہے، حکومت 8 سے 16 سال کے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کیلئے تمام کوششیں کر رہی ہے، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قبائلی عوام کی مشاورت سے ترقیاتی عمل کا آغاز کیا جائے، ہم قبائلی عوام کی ترجیحات کو مدنظر رکھ کر ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ضلع خیبر آکر بہت خوشی ہو رہی ہے، ہم نے پورے ملک سے ناخواندگی کو ختم کرنا ہے، سابقہ قبائلی اضلاع میں خواتین اساتذہ خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، دور دراز علاقوں سے آنے والے اساتذہ بھی خصوصی مراعات کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ضلع خیبر سے سکول داخلہ مہم کا اغاز کرنا قبائلی اضلاع سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس موقع پر مشیر تعلیم خیبر پختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ تعلیم سے قوموں کی تقدیر بدل جاتی ہے، صوبائی حکومت نے آپ کیلئے کتابیں اور تعلیم مفت کر رکھی ہیں، والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کو سکولوں میں داخل کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ داخلہ مہم اپریل 2019ء کے تحت صوبے بھر کے 8 لاکھ بچوں کو سرکاری سکولوں میں داخل کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، عوام داخلہ مہم 2019ء مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور کامیاب بنائیں۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات اور معیاری تعلیم فراہم کریں گے، منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے علاقے میں تمام بچوں کا داخلہ یقینی بنائیں، تعلیمی افسران اور اساتذہ کے ہمراء بھر پور آگاہی مہم چلائیں۔
خبر کا کوڈ : 787575
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش