QR CodeQR Code

تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا

آئی ایم ایف کے اشارے پر غریبوں پر بمباری کی جا رہی ہے، ڈاکٹر مرتضٰی مغل

8 Apr 2019 18:54

ایک بیان میں اکانومی واچ کے صدر نے کہا کہ توانائی چوروں کیخلاف کاروائی کے بجائے بجلی اور پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، عوام کے لئے اشیائے خورد و نوش کا حصول خواب بن گیا ہے، ادویات پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں جبکہ عام تعلیم بھی عیاشی بن کر عوام کی دسترس سے باہر ہوگئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضٰی مغل نے کہا ہے کہ تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا، آئی ایم ایف اور حکومت نے مل کر عوام کے خلاف محاذ کھول لیا ہے، آئی ایم ایف کے اشارے پر غریبوں کے خلاف کھلی جارحیت کی جا رہی ہے جس سے غربت بے روزگاری اور بےچینی میں زبردست اضافہ ہو رہا ہے، یوٹیلیٹی بلز عوام کو دیوالیہ کر رہے ہیں جو دہشت گردی ہے، مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، روپیہ اور شرح نمو گر رہی ہے، معیشت تیزی سے سکڑ رہی ہے، کاروبار بند ہو رہے ہیں، پراپرٹی اور اسٹاک ایکس چینج سمیت معیشت کے ہر شعبے کی حالت بری ہے اور چند ماہ میں دس لاکھ افراد بے روزگار ہوگئے ہیں، جن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر مرتضٰی مغل نے مزید کہا کہ توانائی چوروں کے خلاف کاروائی کرنیکے بجائے بجلی اور پیٹرول کی قیمت میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، عوام کے لئے اشیائے خورد و نوش کا حصول خواب بن گیا ہے، ادویات پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں جبکہ عام تعلیم بھی عیاشی بن کر عوام کی دسترس سے باہر ہوگئی ہے، عوام کے خلاف جارحانہ پالیسی جاری رکھی گئی تو وہ سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
 


خبر کا کوڈ: 787585

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/787585/آئی-ایم-ایف-کے-اشارے-پر-غریبوں-بمباری-کی-جا-رہی-ہے-ڈاکٹر-مرتض-ی-مغل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org