QR CodeQR Code

عمران خان کو عوام پر مسلط کرنیوالے خود انکے کاموں سے پریشان ہیں، مولا بخش چانڈیو

8 Apr 2019 23:24

ٹنڈو آغا میں بینظیر بھٹو اسپتال کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نے کہا کہ عمران خان کل تک ایم کیو ایم کو دہشتگرد جماعت کہتے تھے، آج ان کا اور ایم کیو ایم کا منشور ایک ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ عمران خان کل تک ایم کیو ایم کو دہشتگرد جماعت کہتے تھے، آج ان کا اور ایم کیو ایم کا منشور ایک ہے، وفاقی وزیر اطلاعات خود پردیسی ہیں، وہ حکومت کو خوش کرنے کیلئے اپوزیشن کے خلاف بولتے ہیں، ملکی معیشت کا برا حال ہے۔ اندرون سندھ کے علاقے ٹنڈو آغا میں بینظیر بھٹو اسپتال کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ عمران خان نااہل حکومت کے ناکام وزیراعظم ہیں، ان کو عوام پر مسلط کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو ڈالر بڑھنے اور پیٹرول کی قیمت بڑھنے کا علم نہیں ہوتا، پاکستان کے عوام مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر ان کی حکومت ختم کر دیں گے، آپ کو لانے والے خود آپ کے کاموں سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ پر ڈاکہ ڈالنا چاہتی ہے، عمران خان سندھ میں لسانی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ سابق چیف جسٹس صاحب ملک کو انتشار میں چھوڑ کر گئے ہیں، یہ کیسا جمہوری وزیراعظم ہے، جو کہتا ہے کہ پارلیمنٹ میں مجھے بولنے نہیں دیا جاتا، آپ پارلیمنٹ سے بھاگتے ہو، آپ کہتے ہو اداروں کا ہم پر اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا عمران خان کی حکومت نے بیڑا غرق کر دیا ہے، جب تک یہ ناکام وزیراعظم رہیں گے، پاکستان کا بحران حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی وزیراعظم بننا چاہتے تھے اور وزیراعلیٰ پنجاب بھی نہیں بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کے خلاف نہیں ہیں، لیکن احتساب کے نام پر انتقامی کاروائیاں برداشت نہیں کریں گئے، جیالے تیاریاں کر رہے ہیں، بلاول جلد سکھر سے اسلام آباد تک مارچ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 787627

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/787627/عمران-خان-کو-عوام-پر-مسلط-کرنیوالے-خود-انکے-کاموں-سے-پریشان-ہیں-مولا-بخش-چانڈیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org