0
Monday 8 Apr 2019 23:51

واشنگٹن کی ایک اور حماقت، ایرانی "سپاہ پاسداران" کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا

واشنگٹن کی ایک اور حماقت، ایرانی "سپاہ پاسداران" کو دہشتگرد تنظیم قرار دیدیا
اسلام ٹائمز۔ امریکہ نے متعدد قبل از وقت انتباہات کے باوجود اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلابی گارڈز "سپاہ پاسداران" کو دہشتگرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہے کہ اس نے کسی دوسرے ملک کی باقاعدہ مسلح فوج کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا ہو۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ایک ہفتے کے دوران عملی طور پر نافذ ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام بینکوں اور تجارتی کمپنیوں کو سپاہ پاسداران کے ساتھ اپنے معاملات کو ختم کر دینا چاہیئیں۔ قبل ازیں خود امریکی تجزیہ نگاروں نے اس ممکنہ اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اسے ایک خطرناک اقدام قرار دیا تھا اور امریکی حکومت کو مشورہ دیا تھا کہ وہ کوئی بھی ایسا قدم اٹھانے سے باز رہے۔

امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے لکھا ہے کہ امریکی حکومت کے اس اقدام کو پینٹاگون اور امریکی انٹیلیجنس ایجنسی سی آئی اے کی طرف سے مخالفت کا سامنا تھا، کیونکہ پیٹناگون اور سی آئی اے کا خیال ہے کہ ایسا کوئی بھی قدم امریکی فوجیوں اور جاسوسوں کو دوسرے ممالک کی حکومتوں کی طرف سے خطرے میں ڈال سکتا ہے۔ اسی طرح امریکی قانونی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر جنیوا کنونشن کے اراکین ممالک ایک دوسرے کی مسلح افواج کو دہشتگرد قرار دینا شروع کر دیں تو ممکن ہے کہ امریکی فوجیوں کے کسی دوسرے ملک میں گرفتار ہو جانے کی صورت میں انہیں بھی "دہشتگرد" قرار دے کر سزا دیدی جائے۔

دوسری طرف اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلابی گارڈز کے چیف کمانڈر میجر جنرل جعفری پہلے سے یہ کہہ چکے ہیں کہ اگر امریکہ ایسی کسی حماقت کا مرتکب ہوا تو پورے خطے میں موجود امریکی افواج سے سکون و آرام چھن جائے گا اور ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔ اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بھی امریکی حکومت کو کسی بھی ایسے قدم کے اٹھانے پر قبل از وقت خبردار کیا تھا۔ انہوں نے اتوار کے روز اپنے ٹوئٹر پر پیغام دیا تھا کہ غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیراعظم نین یاہو کو اپنی اولین ترجیح قرار دینے والے، سپاہ پاسداران کو دہشتگرد تنظیم قرار دینے کے خطے میں موجود امریکی افواج پر پڑنے والے اثرات سے پوری طرح آگاہ ہیں۔

اسی طرح اسلامی جمہوریہ ایران کی قومی اسمبلی کے اراکین بھی امریکی حکومت کے اس اقدام کا جواب تیار کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز ایرانی قومی سلامتی و سیاست خارجہ پارلیمانی کمیشن کے رکن سید حسین نقوی نے میڈیا کو دیئے گئے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ امریکہ کو جواب، اسمبلی میں پیش کیا جانے والا خطے میں موجود امریکی افواج اور اس کے فوجی اڈوں کو دہشگرد قرار دینے کا بل ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر امریکہ نے ایرانی انقلابی گارڈز سپاہ پاسداران کو دہشتگرد قرار دیا تو ہم بھی یہ بل منظور کر لیں گے۔
خبر کا کوڈ : 787629
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش