0
Tuesday 9 Apr 2019 11:04

سب ڈویژن بیٹنی حملہ، جاں بحق خاتون افسر کے ورثاء میں امدادی چیک تقسیم

سب ڈویژن بیٹنی حملہ، جاں بحق خاتون افسر کے ورثاء میں امدادی چیک تقسیم
اسلام ٹائمز۔ صوبائی حکومت نے قبائلی علاقہ سب ڈویژن بیٹنی حملے میں جاں بحق ہونے والی آزاد مانیٹرنگ یونٹ کی اسسٹنٹ کے ورثاء کو امدادی چیک دیدیا۔ ڈپٹی کمشنر لکی مروت جہانگیر اعظم وزیر نے صوبائی حکومت کی طرف سے محکمہ تعلیم کے آزاد مانیٹرنگ یونٹ (آئی ایم یو) کی جاں بحق مانیٹرنگ اسسٹنٹ صفیہ کے ورثاء کو 5 لاکھ روپے مالیت کا چیک حوالے کردیا۔ اس حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا، تقریب کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عید نواز شیرانی بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ آئی ایم یو کی مانیٹرنگ اسسٹنٹ صفیہ چند روز قبل ٹرائبل سب ڈویژن میں فرائض کی ادائیگی کے دوران حملے میں شہید ہوگئی تھیں، ان کے بھائی احسان اللہ خان نے ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر سے چیک وصول کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے حملے میں جاں بحق ہونے والی مانیٹرنگ اسسٹنٹ صفیہ کی پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے اہلکار ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں جائیں گی نہ کبھی فراموش کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ شہید صفیہ ایک نڈر خاتون تھیں اور انہوں نے جان کی پرواہ کئے بغیر فرائض کی ادائیگی کو فوقیت دی جس سے تمام سرکاری ملازمین کو عزم و ہمت اور حوصلہ ملا ہے۔ ڈپٹی کمیشنر نے مرحومہ کے بھائی کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ انہیں کبھی اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ یاد رہے کہ 27 مارچ کو سب ڈویژن بیٹنی میں مانیٹرنگ ٹیم پر حملے میں خاتون افسر سمیت دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کے ایک روز بعد لکی مروت انتظامیہ نے مقامی ملکان کو محکمہ تعلیم کی مانیٹرنگ ٹیم پر حملے کے دو سہولت کاروں ارجمند تاجبی خیل اور گل نواز ورگاڑی کو پیش کرنے کیلئے دو دن کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ چیگہ لارپا خیل سی ایچ سی میں ڈپٹی کمشنر جہانگیر اعظم وزیر اور پاک آرمی کے کرنل عثمان کی زیر صدارت منعقدہ جرگہ میں ملکان کو متنبہ کیا گیا کہ دونوں سہولت کار پیش نہ کئے گئے تو سخت ترین کارروائی ہوگی۔ اگلے دن 29 مارچ کو مشران نے ارجمند کو انتظامیہ کے سامنے پیش کیا تھا جبکہ گل نواز کی لاش رواں ماہ کی 3 تاریخ کو ملی تھی۔
خبر کا کوڈ : 787675
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش