0
Tuesday 9 Apr 2019 19:37

وفاق المدارس الشیعہ نے دینی مدارس کی فوری رجسٹریشن کا مطالبہ کر دیا

وفاق المدارس الشیعہ نے دینی مدارس کی فوری رجسٹریشن کا مطالبہ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری نے مطالبہ کیا ہے کہ مدارس دینیہ کی رجسٹریشن کا رکا ہوا عمل فی الفور شروع کیا جائے اور اس حوالے سے عائد بلاوجہ پابندیوں کو واپس لیا جائے۔ مدارس اسلام کے قلعے اور دینی تعلیم کے مراکز ہیں جو کہ معاشرے کی اشد ضرورت ہے۔ ناقص حکومتی پالیسیوں کے باعث مدارس کی رجسٹریشن تین سال سے پہلے سے روک دی گئی تھی۔ حتٰی کہ ماضی میں سوسائٹیز ایکٹ کے تحت مدارس کی رجسٹریشن سے بھی روک دیا گیا ہے جبکہ تین سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے نئی رجسٹریشن پالیسی ہی نہیں بنائی گئی۔ جس پر پانچوں وفاق المدارس کی نمائندہ تنظیم اتحاد تنظیم المدارس کی قیادت اور طلباء میں بڑی تشویش پائی جاتی ہے۔ حکومتی نااہلی کی سزا مدارس، علماء اور طلباء کو نہ دی جائے۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت کی طرح موجودہ حکومت بھی مدارس کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے ان کیلئے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں سمیت متعدد دیگر اداروں کی رجسٹریشن کا عمل تو جاری ہے مگر مدارس کو اس سے روک کے امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، جو کہ افسوسناک اور لاپرواہی ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتوں میں بھی مدارس کے مسائل کی یقین دہانی کروائی گئی مگر ابھی تک کوئی عملی اقدام نہیں کیا گیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن شروع کی جائے تاکہ قانونی طریقے سے دینی تعلیم کا سلسلہ جاری رہے۔ مدارس کی رجسٹریشن نہ ہونے سے مدرسے کے بینک اکاونٹس تک نہیں کھولے جا سکتے، جس سے دینی تعلیم کے اداروں کو پریشانی ہو رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 787788
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش