0
Wednesday 10 Apr 2019 08:04

پاکستان ایرانی سیلاب زدگان کے لئے امدادی سامان کے دو جہاز روانہ کرے گا

پاکستان ایرانی سیلاب زدگان کے لئے امدادی سامان کے دو جہاز روانہ کرے گا
اسلام ٹائمز - پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق منگل کے روز پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایرانی ہم منصب محمد جواد ظریف کے ساتھ ٹیلی فون پر رابطے کے دوران ایران کے وسیع و عریض رقبے پر آنے والے سیلاب پر اپنے افسوس اور دلی ہمدردیوں کا اظہار کیا۔ پاکستانی وزارت خارجہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ شاہ محمود قریشی نے سیلاب کے نتیجے میں کم از کم 70 ایرانی شہریوں کے جانبحق ہو جانے پر ایرانی قوم کو تسلیت پیش کی اور مرحوم مسلمان بھائیوں کے لئے مغفرت کی دعا بھی کی۔
 
پاکستانی وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کو یقین دلوایا کہ اس مشکل گھڑی میں اسلامی جمہوریہ پاکستان اپنے برادر ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ کھڑا ہے اور اس سیلابی صورتحال میں کسی قسم کے انسانی امدادی اقدام سے دریغ نہیں کرے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی ہدایت پر امدادی سامان کے حامل دو C-130 طیارے فوری طور پر ایرانی شہروں اہواز اور خرم آباد بھجوائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس انسانی امداد کا مقصد مصیبت زدہ شہریوں کی روزمرہ کی ضرورتوں کو فی الفور پورا کرنا ہے۔
 
دوسری طرف اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان گہرے اور تاریخی دوستانہ تعلقات قائم ہیں جبکہ دونوں ممالک کٹھن وقت میں ہمیشہ ایکدوسرے کے ساتھ رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے اپنے ایک پیغام میں ایران میں آنے والے سیلاب اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے افسوس اور دلی ہمدردیوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان ہر طرح کی انسانی امداد فراہم کرنے کو تیار ہے۔
 
واضح رہے کہ پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیاسی و مذہبی تنظیموں نے اپنے سیلاب زدہ ایرانی مسلمان بھائیوں کے لئے امدادی کیمپس لگائے ہیں جبکہ ایرانی خبررساں ایجنسی IRNA کے مطابق ایران کے 25 سے زائد صوبے سیلاب کا شکار ہیں جن میں بھاری مالی نقصان بھی ہوا ہے۔
 
 
خبر کا کوڈ : 787846
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش