QR CodeQR Code

خاصہ دار اور لیویز اہلکاروں کو پولیس کے مختلف رینک کے بیجز لگا دیئے گئے

10 Apr 2019 10:41

سنٹرل پولیس آفس پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پی نے پولیس کے بیجز پانے والوں پر زور دیا کہ وہ نئی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی مزید ذمہ داری اور دیانتداری سے انجام دیں اور اپنے نئے کیئریر کا ایک ایک لمحہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک کی سلامتی اور یکجہتی کیلئے استعمال میں لائیں۔


اسلام ٹائمز۔ قبائلی اضلاع سے تعلق رکھنے والے سابقہ خاصہ دار اور لیویز فورس کے مختلف رینک کے اہلکاروں کو پولیس کے بیجز لگا دیئے گئے۔ اس سلسلے میں منگل کے روز سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد ہوا جس میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد نعیم خان نے سابقہ لیویز اور خاصہ دار اہلکاران کے کندھوں پر ان کے عہدوں کے مطابق پولیس فورس کے مختلف رینک کے بیجز سجائے۔ آئی جی پی ڈاکٹر محمد نعیم خان نے اہلکاروں کو پولیس کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی اہلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اہلکاروں نے ہر مشکل گھڑی اور چیلنجز میں ملک کے دفاع اور سرحدات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنی قیمتی جانیں خطرے میں ڈال کر اپنے اپنے فرائض وابستہ توقعات سے بڑھ کر ادا کئے ہیں۔

آئی جی پی نے کہا کہ درحقیقت انہوں نے ملک کی حفاظت کیلئے پہلی دفاعی لائن کے طور پر کام کیا اور جنگ زدہ علاقوں میں شر پسندوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف سینہ تان کر کھڑے رہے۔ آئی جی پی نے اس اقدام کو نیک شگون اور سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج صوبے میں پولیسنگ کے حوالے سے ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے۔ انہوں نے پولیس کے بیجز پانے والوں پر زور دیا کہ وہ نئی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی مزید ذمہ داری اور دیانتداری سے انجام دیں اور اپنے نئے کیئریر کا ایک ایک لمحہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک کی سلامتی اور یکجہتی کیلئے استعمال میں لائیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس فورس میں ضم شدہ اہلکاروں کو نئے سیٹ اپ میں کوئی مشکل درپیش نہیں ہوگی اور وہ بذات خود ان کے مفادات، فلاح وبہبود اور ملازمت کے بہتر حالات کار اور اوقات کار کیلئے ہر وقت برابر کوشاں رہیں گے۔

وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے مشیر اجمل وزیر، ایڈیشنل آئی جی پیز ہیڈ کوارٹرز، ایلیٹ، انوسٹی گیشن،  سی سی پی او پشاور، ڈی آئی جیز سپیشل، برانچ سی ٹی ڈی، ہیڈ کوارٹرز، ٹریننگ، انوسٹی گیشن اور اے آئی جیز اسٹیبلشمنٹ، ویلفیئر اور ضم شدہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ پولیس افسران اور دیگر اعلٰی پولیس حکام اس تاریخی موقع پر موجود تھے۔ یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کے خاصہ دار اور لیویز فورس کو بھی پولیس میں ضم کردیا گیا ہے۔ دو روز قبل وزیراعلٰی ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ تمام لیویز اور خاصہ دار اہلکار پولیس فورس میں ضم ہوگئے، ان کے تمام تحفظات دور کردیئے ہیں، یہ 28 ہزار اہلکار ہیں جنہیں تربیت دینگے اور پولیس کی طرز پر ہی تمام رینکس، مراعات اور ترقیاں دی جائیں گی۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے نوٹی فکیشن کے مطابق اس کام کیلئے 6 ماہ کا وقت دیا گیا ہے اور یہ انضمام رواں سال اکتوبر تک مکمل ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 787872

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/787872/خاصہ-دار-اور-لیویز-اہلکاروں-کو-پولیس-کے-مختلف-رینک-بیجز-لگا-دیئے-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org