0
Thursday 11 Apr 2019 11:34

بھارت کی جانب سے ایس 400 بیلسٹک میزائل خطے میں عدم توازن کا باعث بنے گا، شاہ محمود قریشی

بھارت کی جانب سے ایس 400 بیلسٹک میزائل خطے میں عدم توازن کا باعث بنے گا، شاہ محمود قریشی
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ذمہ دارملک ہے، ایٹمی عدم پھیلائو پر یقین رکھتے ہیں، خطے میں توازن کیلئے میزائل ٹیکنالوجی اور جوہری اسلحہ پر ذمہ داری کامظاہرہ کرنا ہوگا، خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، پاکستان خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں، بھارت کی جانب سے ایس 400 بیلسٹک میزائل خطے میں عدم توازن کا باعث بنے گا۔ جنوبی ایشیاء میں تزویراتی استحکام اور ابھرتے چیلنجز کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حالیہ بھارت کے اینٹی میزائل ٹیسٹ پر سخت تشویش ہے، نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں بھارت کی شمولیت سے خطے میں عدم استحکام پیدا ہوگا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو بتانا چاہتا ہوں کہ مسائل کا واحد حل مذاکرات ہی ہوا کرتے ہیں، بھارت کے امن کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ قبل ازیں وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیرصدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا چوتھا اجلاس ہوا، جس میں سابق سفیروں، سابق خارجہ سیکرٹریز، ماہرین بین الاقوامی امور اور دیگر اراکین شریک ہوئے اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت خارجہ پالیسی سے متعلقہ اہم علاقائی امور زیر غور آئے۔ وزیرخارجہ سے پاکستان میں نئے تعینات افغان سفیر مشال عاطف اور صومالیہ کی سفیر خدیجہ محمد المخزومی نے بھی ملاقاتیں کیں۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مشاورتی کونسل کے اراکین کو اہم علاقائی اور بین الاقوامی دنیا کے ساتھ پاکستان کے حالیہ روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا کہ پاکستان کے حال ہی میں یورپین یونین اور چین کے ساتھ ہونیوالے اسٹریٹیجک مذاکرات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اور اپنی سفارتکاری کو مزید موثر بنانے کے لئے، اہم ممالک کیساتھ دوطرفہ روابط کو فروغ دے رہے ہیں، نیوزیلینڈ میں دہشت گردی کے دلخراش واقعہ کے بعد ترکی کی طرف سے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کا انعقاد، قابل تحسین ہے۔
 
مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کی جانب تارکینِ وطن کو دی جانے والی سہولیات، وزارت خارجہ کے افسران کی پیشہ وارانہ تربیت اور اقتصادی سفارتکای کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر اظہار رائے کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومت، دنیا بھر میں مقیم، پاکستانی تارکین وطن کو انتہائی اہمیت دیتی ہے، تارکین وطن کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے لئے، تمام سفارتخانوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے کثیر الجہتی امور میں معاونت پر، مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے اراکین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 788082
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش