0
Thursday 11 Apr 2019 13:11

گلگت بلتستان میں انتظامی اصلاحات کا بل قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنیکا فیصلہ

گلگت بلتستان میں انتظامی اصلاحات کا بل قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کرنیکا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ جی بی میں انتظامی اصلاحات کا بل قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چونکہ گلگت بلتستان کو فی الوقت صوبہ نہیں بنایا جا سکتا، اس لیے جی بی کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں نمائندگی نہیں مل سکتی، تاہم این ایف سی، سی سی آئی اور ای سی سی سمیت دیگر آئینی اداروں میں بطور مبصر و نان ووٹنگ ممبر نمائندگی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے شہریوں کو وہ تمام حقوق دیئے جائیں گے، جو آئین پاکستان کے تحت کسی بھی صوبے کے شہریوں کو حاصل ہیں، تاہم مسئلہ کشمیر کے باعث خطے کو صوبہ نہیں بنایا جا سکتا۔

سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے مطابق تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ جامع مشاورت کے بعد نیا ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے، جسے قومی اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، گنڈاپور کا کہنا تھا کہ حکومت نے ڈرافٹ کو قومی سلامتی کمیٹی میں بھی پیش کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے بھی گلگت بلتستان کو حقوق کی فراہمی سے متعلق کیس میں یہی فیصلہ دیا تھا کہ جی بی کو صوبہ بنانے سے کشمیر کاز کو نقصان پہچنے کا خدشہ ہے، لہٰذا صوبہ بنائے بغیر حقوق دیئے جائیں جبکہ دفتر خارجہ کو بھی کشمیر کاز کے باعث گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے پر تحفظات تھے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر عدالت میں نظرثانی کی درخواست دائر کر رکھی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت کو عدالتی ڈرافٹ میں مزید ترامیم کرنے کی اجازت دی جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ وہاں کے لوگوں کو بااختیار بنایا جائے اور ان کی ستر سالہ محرومیوں کا خاتمہ کیا جائے۔ علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سابقہ ادوار میں گلگت بلتستان کو جتنے بھی حقوق دیئے گئے، وہ محض صدارتی آرڈرز کے ذریعے دیئے گئے، جو وہاں کے عوام کو قابل قبول نہیں، وہاں کے عوام اب آرڈرز سے نفرت کرتے ہیں، اس لئے ہماری حکومت نے اس کو ایکٹ آف پارلیمنٹ کے ذریعے نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ نئے ایکٹ میں گلگت بلتستان کیلئے گندم پر سبسڈی اور ٹیکس چھوٹ برقرار رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 788115
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش