QR CodeQR Code

سپاہ پاسداران کے خلاف ہرزہ سرائی سے امریکہ کو کچھ حاصل نہیں ہو گا، آیت اللہ سید علی خامنہ ای

11 Apr 2019 14:31

آج اسلامی انقلاب کی نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا پر بالادستی قائم ہے جبکہ ٹرمپ اور دوسرے احمق امریکی حکمران تیزی سے انحطاط کی طرف گامزن ہیں، رہبر انقلاب آیت اللہ سید علی خامنہ ای


اسلام ٹائمز - اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت اور یوم پاسدار کی مناسبت سے اپنے خطاب کے دوران پاسداران انقلاب کے ساتھ امریکہ کی دشمنی کی اصلی وجہ ملک، قوم اور اسلامی انقلاب کے دفاع میں پاسداران انقلاب کی بالادستی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ سمیت تمام نادان دشمن اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اپنی تمامتر توانائیاں صرف کر چکے ہیں لیکن انہیں کچھ حاصل نہیں ہوا۔ آج اسلامی انقلاب اور نظام کی نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا پر بالادستی قائم ہے۔ انہوں نے سپاہ پاسداران کو ہر میدان میں دشمن سے برسرپیکار ایک ممتاز ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سپاہ پاسداران زمینی جنگ میں نہ صرف اپنی سرحدوں پر بلکہ حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہا کے حرم کے اردگرد بھی، کئی ہزار کلومیٹر کی دوری کے باوجود دشمن پر برتری رکھتی ہے اور اسی طرح سیاسی میدان میں بھی دشمن پر حاوی ہے۔

 
ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے سپاہ پاسداران کے ساتھ امریکہ کی دشمنی کی اصلی وجہ اسی برتری کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی اپنے خیال میں نہ صرف سپاہ انقلاب بلکہ خود اسلامی انقلاب اور مملکت ایران کے خلاف سازشیں اور ہرزہ سرائیاں کرتے ہیں لیکن ان خباثتوں سے انہیں نہ صرف کچھ حاصل ہونے والا نہیں بلکہ ان کی سازشیں خود انہی کے خلاف پلٹ جائیں گی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے ٹرمپ اور احمق امریکی حکمرانوں جیسے دشمن تیزی سے انحطاط کی طرف گامزن ہیں۔
 
امام سید علی خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف چالیس سال پر محیط سازشوں کے باوجود ایران کی خاطرخواہ ترقی کو ایرانی قوم کی پیشرفت روکنے میں امریکہ کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے چالیس سال ایرانی قوم پر مختلف قسم کے سیاسی اور اقتصادی دباو ڈالے اور پراپیگنڈے کئے لیکن حتی ایران کے ناتجربہ کاری کے دور میں بھی کچھ حاصل نہ کر پائے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی سوچ کے خلاف، اسلامی نظام کی عظمت اور طاقت کسی ایٹم بم کے بل بوتے پر قائم نہیں  کیونکہ ہم نے شروع سے ہی اعلان کر رکھا ہے کہ ایٹمی ہتھیار ہمارے دینی اصولوں کے خلاف ہیں جبکہ ہمیں انکی ضرورت بھی نہیں۔
 
رہبر انقلاب اسلامی نے اس افتخار آمیز جدوجہد کے باقی رہنے کے راز کو ذمہ داری کی پہچان اور اس عمل قرار دیا اور کہا کہ بیشک اسلامی انقلاب ترقی کرتا رہے گا لیکن عوام، نوجوان، سپاہ پاسداران، تمام مسلح افواج اور حکومتی عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ اپنی ذمہ داری کو پہچانتے ہوئے اولیاء الہی کو اپنا نمونہ عمل قرار دیں اور خدا کی رضا کی خاطر اس کی راہ میں عملی اقدامات اٹھائیں۔
 


خبر کا کوڈ: 788119

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/788119/سپاہ-پاسداران-کے-خلاف-ہرزہ-سرائی-سے-امریکہ-کو-کچھ-حاصل-نہیں-ہو-گا-آیت-اللہ-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org