لاہور ہائیکورٹ نے لیگی رہنما حنیف عباسی کی سزا معطل کر کے رہائی کا حکم دیدیا
11 Apr 2019 18:29
جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے فیصلہ سنایا۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ حنیف عباسی کیخلاف سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا گیا تھا۔ انسداد منشیات عدالت نے فیصلے میں اہم قانونی نکات نظر انداز کئے۔ کیس میں نامزد دیگر 7 ملزمان کو رہا کر دیا گیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ لاہور ہائیکورٹ نے ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے مسلم لیگ نون کے رہنما حنیف عباسی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی سزا معطل کر دی اور ان کی رہائی کا حکم دے دیا۔ حنیف عباسی نے انسداد منشیات کی عدالت سے ایفی ڈرین کیس میں ملنے والی عمر قید کی سزا کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے حنیف عباسی کی سزا کی معطلی اور رہائی کا فیصلہ سنایا ہے۔ درخواست گزار حنیف عباسی نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ انسداد ِمنشیات عدالت نے ان کے خلاف فیصلے میں اہم قانونی نکات کو نظر انداز کیا، کیس میں نامزد دیگر 7 ملزمان کو رہا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی تھی کہ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر کیس بنایا گیا ہے۔ لہٰذا عدالت سزا معطل کر کے ان کی ضمانت منظور کرے اور انہیں رہا کرنے کا حکم دے۔
خبر کا کوڈ: 788149