0
Friday 12 Apr 2019 01:14

اسحاق ڈار صرف قوم سے ہی نہیں اپنی پارٹی قیادت سے بھی جھوٹ بولتے رہے، حماد اظہر

اسحاق ڈار صرف قوم سے ہی نہیں اپنی پارٹی قیادت سے بھی جھوٹ بولتے رہے، حماد اظہر
اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت برائے ریوینیو حماد اظہر کا کہنا ہے کہ چیخنے چلانے والوں کو کسی صورت این آر او نہیں دیں گے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ نون لیگ کے دور میں جب دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی تھیں تو مہنگائی کی شرح 10 فیصد سے تجاوز کر گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار صرف قوم سے ہی نہیں اپنی پارٹی قیادت سے بھی جھوٹ بولتے رہے، اسحاق ڈار ڈی ویلیوایشن کی کہانی سنا کر قوم کو گمراہ نہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے مئی 2017ء تا مئی 2018ء اسٹاک ایکسچینج نیچے آنے کی وجہ نہیں بتائی، یہ اپنے کیسز سے توجہ ہٹانے کے لیے اس طرح کی باتیں کرتے ہیں لیکن کچھ بھی کر لیں حکومت کسی قسم کا کوئی این آر او نہیں دے گی۔

وزیر مملکت نے کہا کہ زرداری، اومنی اور شہباز شریف کے کیس میں زیادہ فرق نہیں ہے، جتنا مرضی مولانا فضل الرحمان سے مل لیں، این آر او نہیں ملے گا۔ وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی جانب سے نوکریوں کی بارش کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حماد اظہر کا کہنا تھا کہ کراچی کے ساحل کے قریب سے اگر گیس کا ذخیرہ نکل آئے تو یہ دنیا کے 10 بڑے ذخائر میں شامل ہو گا، فیصل واوڈا نے اس گیس ذخیرے کے نکلنے سے متعلق نوکریوں والی بات کی تھی۔ حماد اظہر نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے معیشت کو ریسکیو کیا ہے، آئی سی یو سے نکال کر جنرل وارڈ میں لے آئے ہیں۔ وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ چھ مہینے میں ساڑھے 5 کروڑ لوگوں کو ہیلتھ کارڈ کی سہولت دینے جا رہے ہیں، اگلے مرحلے میں 7 کروڑ لوگوں کو ہیلتھ انشورنس دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 788205
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش