0
Friday 12 Apr 2019 19:55

غاصب صیہونی میڈیا کا امریکی منصوبے صدی کی ڈیل کے بارے میں اہم انکشاف

غاصب صیہونی میڈیا کا امریکی منصوبے صدی کی ڈیل کے بارے میں اہم انکشاف
اسلام ٹائمز - اسرائیلی نیوز ویب سائٹ "والاہ" نے جمعرات کے دن امریکی نیوز ایجنسی "ABC" کے حوالے سے لکھا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے "صدی کی ڈیل" نامی منصوبے کی تفصیلات کا اعلان غاصب صیہونی ریاست اسرائیل میں ہونے والے انتخابات میں بنجمن نیتن یاہو کے جیت جانے کے بعد کیا جائے گا۔ امریکی نیوز چینل "ABC" نے وائٹ ہاوس میں موجود اپنے ذرائع کے ذریعے رپورٹ دی ہے کہ اس امریکی منصوبے کا جلد ہی اعلان کر دیا جائے گا لیکن اعلان کی حتمی تاریخ معلوم نہیں۔

 
رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کی تفصیلات کا اعلان دو ماہ یا رمضان کے مہینے اور مسلمانوں کی عیدوں کے بعد تک ملتوی ہونے کا بھی احتمال ہے۔ نیوز ویب سائٹ نے مزید لکھا کہ امریکی صدر ٹرمپ اس منصوبے کا خیرمقدم کرنے کے باوجود چاہتے تھے کہ جلد ہی برپا ہونے والے انتخابات میں بنجمن نیتن یاہو کی کامیابی حتمی ہونے کے بعد اس کا اعلان کیِا جائے۔ اسی طرح امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے بھی بدھ کے روز کہا تھا کہ واشنگٹن مغربی ایشیا کے لئے بنائے گئے "سینچری ڈیل" نامی منصوبے کی تفصیلات بتانے کو تیار ہے۔
 
یاد رہے کہ "صدی کا معاملہ" نامی امریکی منصوبہ مقبوضہ فلسطین میں فلسطینیوں اور غاصب صیہونیوں کے درمیان جھگڑا ختم کرنے کے لئے تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت تقریبا 6,000,000 (ساٹھ لاکھ) بےگھر پناہ گزینوں کا اپنی سرزمینوں پر واپسی کا حق ختم ہو جائے گا جبکہ انہیں کسی اور جگہ پر رہائش دیدی جائے گی۔ واضح رہے کہ امریکہ کی طرف سے مقبوضہ فلسطین کے شہر قدس کو  غاصب صیہونی رژیم اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کر لینے اور اپنا سفارت خانہ مقبوضہ قدس میں منتقل کر دینے جیسے اقدامات بھی اسی منصوبے کی تکمیل کی خاطر اٹھائے گئے ہیں۔
 
واضح رہے کہ امریکی حکومت نے ایک سال سے زائد عرصے سے یہ منصوبہ بنا رکھا ہے لیکن اس کے اعلان کو ہر مرتبہ بعض نا معلوم وجوہات کے سبب اسرائیلی انتخابات میں بنجمن نیتن یاہو کے دوبارہ کامیاب ہونے کے بعد تک ملتوی کر دیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ غاصب صیہونی ریاست میں منگل کے روز ہونے والے انتخابات میں بنجمن نیتن یاہو کی سربراہی میں لیکویڈ پارٹی نے انتخابات جیت کر صیہونی پارلیمنٹ (کینسٹ) میں سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کر لی ہیں۔
 
خبر کا کوڈ : 788307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش