0
Friday 12 Apr 2019 22:18
حکومت ہمیں نیب گردی کے ذریعے خاموش کروانا چاہتی ہے

عمران حکومت کی خارجہ پالیسی بھیک مانگننے کی ہے، بلاول بھٹو

پہلے بھی ون یونٹ سے ملک ٹوٹا آج بھی اسی سے ملک ٹوٹے گا
عمران حکومت کی خارجہ پالیسی بھیک مانگننے کی ہے، بلاول بھٹو
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین پی ٹی آئی حکومت پر برس پڑے، بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ حکومت غربت نہیں، غریب کو ختم کر رہی ہے۔ ایمنسٹی کو کالا دھن سفید کرنے والی اسکیمیں کہنے والے بتائیں، اب کس کا کالا دھن سفید کرنے کیلئے اسکیم لائی جا رہی ہے، یہ لوگ متفقہ آئین کا خاتمہ اور ون یونٹ کا نظام لانا چاہتے ہیں، پہلے بھی ون یونٹ سے ملک ٹوٹا، آج بھی ون یونٹ سے ملک ٹوٹے گا، یہ ہمیں آمر کے بنے قانون سے جھکا نہیں سکتے۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے خان گڑھ گھوٹکی میں عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور پالیسی پر کڑی تنقید کی، بولے کہ حکومت غربت نہیں غریب کا خاتمہ اور ملک کو پستی کی طرف لے جا رہی ہے، نااہل لوگوں سے ملک نہیں سنبھل رہا، ملک کے مزدور روٹی کیلئے ترس رہے ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ وزیر خزانہ کو زراعت کے بارے میں کچھ نہیں پتہ، عمران خان نے کہا تھا قرض نہیں لیں گے، آج وزیراعظم بھیک مانگنے جاتے ہیں، کہا تھا خودکشی کرلیں گے آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، آئی ایم ایف جانے سے پہلے ہی ان کی شرائط مان لی گئیں، بجلی مہنگی کردی گئی، ڈالر بھی مہنگا ہوگیا۔ بلاول کا کہنا تھا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور گھر دینے کا وعدہ کرنیوالوں کے دور میں نوجوان بے روزگاری کا رونا رو رہے ہیں، تجاوزات کے نام پر غریب سے چھت چھینی جا رہی ہے، انہوں نے ایمنسٹی اسکیم کو ٹیکس دینے والوں کے منہ پر طمانچہ قرار دیا تھا، کہا تھا حکومت کالا دھن سفید کرنے کیلئے یہ اسکیم لاتی ہے، خان صاحب بتاؤ اب اسکیم کے تحت کس کا کالا دھن سفید کرنا چاہتے ہو۔ بلاول بھٹو نے الزام لگایا کہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کا راستہ روکا گیا، پی ٹی آئی حکومت آہستہ آہستہ اٹھارویں ترمیم کو ختم کر رہی ہے، اٹھارہویں ترمیم کو چھیڑا، تو دما دم مست قلندر ہوگا، اٹھارہویں ترمیم نہیں حکومت کی نااہلی سے ملک دیوالیہ ہو رہا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ لوگ ون یونٹ کا نظام لاکر فیڈریشن کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، پہلے بھی ون یونٹ سے ملک ٹوٹا، آج بھی ون یونٹ سے ملک ٹوٹے گا، یہ بھٹو شہید کے دیئے ہوئے متفقہ آئین کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ چیئرمین پی پی پی نے مزید کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کے باوجود حکومت کو وقت دینا چاہتے ہیں، کوشش تھی کہ کسی قسم کا آئینی بحران پیدا نہ ہو، چاہتے تھے نئی حکومت کو کام کرنے کا موقع ملے، 100 دن پورے ہونے پر سب نے دیکھا کہ ان کی کوئی سمت نہیں، ان کی خارجہ پالیسی بھیک مانگننے کی ہے۔ سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو کے بیٹے کا کہنا تھا کہ یہ نیب گردی کے ذریعے ہمیں خاموش کرنا چاہتے ہیں، یہ ہمیں آمر کے بنے قانون سے جھکا نہیں سکتے، عوام کے حقوق کیلئے ہر قدم پر آپ کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔
خبر کا کوڈ : 788322
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش