QR CodeQR Code

صدر زرداری اور قزاقستان کے صدر کی ملاقات، پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا مستقل رکن بننے کا خواہشمند ہے، صدر مملکت

14 Jun 2011 22:29

اسلام ٹائمز:صدر آصف علی زرداری نے ایس سی او کو ایک عظیم فورم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس کا مکمل رکن بننے کا خواہشمند ہے اور وہ اس ضمن میں تمام ایس سی او ارکان کی حمایت کی امید رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او ایک عظیم مستقبل کی حامل تنظیم ہے اور آنے والا کل ایس سی او کا ہے


 آستانہ:اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور قزاقستان کے صدر نور سلطان نذر بایوف نے علاقائی امن و استحکام برقرار رکھنے اور اپنے ممالک میں خوشحالی کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر یہاں صدارتی محل میں ملاقات کی۔ انہوں نے عالمی علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان علاقائی ممالک کے ساتھ تعاون کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔ دونوں رہنماﺅں نے سیکورٹی کے چیلنجوں سے نمٹنے، اپنی اقتصادیات کو وسعت دینے اور خطہ میں تجارت بڑھانے کیلئے اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ صدر آصف زرداری نے اپنے ہم منصب کو انتہاءپسندی اور دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے مادی اور جانی لحاظ سے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او میں مکمل رکن کی حیثیت سے پاکستان کی شرکت علاقائی امور میں اس کے زیادہ فعال کردار میں معاون ہو گی۔ انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں پرکشش مراعات کا ذکر کیا۔ دونوں رہنماﺅں نے دونوں ممالک کے حکام کے درمیان زیادہ سے زیادہ تبادلوں اور نجی شعبوں اور کاروباری شخصیات کی حوصلہ افزائی پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان وسیع تر علاقائی تعاون اور رابطوں کے ذریعے اس خطے کو پرامن بنانے کے لئے قزاقستان کے کردار کا خواہاں ہے۔ صدر نے اس ضمن میں پاکستان کی بندرگاہوں کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا جو قزاقستان سمیت وسطی ایشیائی ریاستوں کو رابطہ فراہم کر سکتی ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے ایس سی او کو ایک عظیم فورم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس کا مکمل رکن بننے کا خواہشمند ہے اور وہ اس ضمن میں تمام ایس سی او ارکان کی حمایت کی امید رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او ایک عظیم مستقبل کی حامل تنظیم ہے اور آنے والا کل ایس سی او کا ہے۔


خبر کا کوڈ: 78833

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/78833/صدر-زرداری-اور-قزاقستان-کے-کی-ملاقات-پاکستان-شنگھائی-تعاون-تنظیم-کا-مستقل-رکن-بننے-خواہشمند-ہے-مملکت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org