0
Friday 12 Apr 2019 23:59

مہاجر ایک ہی سوراخ سے بار بار ڈسے جا رہے ہیں، سلیم حیدر

مہاجر ایک ہی سوراخ سے بار بار ڈسے جا رہے ہیں، سلیم حیدر
اسلام ٹائمز۔ مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے سرکاری اداروں میں ملازمتوں کا اعلان کیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ بتائیں کہ ان ملازمتوں میں سے کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کے مہاجروں کیلئے ملازمت میں کتنا کوٹہ رکھا گیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سلیم حیدر نے کہا کہ 1972ء سے اب تک پیپلز پارٹی کوٹہ سسٹم کے نام پر سندھ کے مہاجروں کا استحصال کر رہی ہے، تعلیم سے لے کر ملازمتوں تک ان کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب خود پیپلز پارٹی اپنے ہی نافذ کردہ کوٹہ سسٹم کے تحت صوبائی محکموں میں مہاجروں کو ملازمتوں کا کوٹہ بھی مختص کرے، کیونکہ گزشتہ 10 سالوں میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے سرکاری ملازمتوں میں مہاجروں کو 2 فیصد ملازمتوں کی خیرات بھی نہیں دی ہے، جو پیپلز پارٹی کی متعصبانہ سوچ اور مہاجر دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔

سلیم حیدر نے کہا کہ جو مہاجر قیادت کے دعویدار ہر بار اقتدار میں شامل ہوتے ہیں، وہ مہاجروں کو اب ملازمت دلانے کیلئے کیا کر رہے ہیں، یہ مہاجر عوام کو دیکھنا اور سوچنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر گزشتہ 30 برسوں سے ایک ہی سوراخ سے بار بار ڈسے جا رہے ہیں، مہاجر ووٹ لے کر اقتدار میں شامل ہونا اور پھر بے اختیاری کا رونا ان کا وطیرہ بن گیا ہے، ان کی قیادت سے لے کر رابطہ کمیٹی تک ارب پتی ہو چکی ہے، لیکن غریب مہاجروں کو دینے کیلئے ان کے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر دردر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں، نہ مہاجر نوجوانوں کو سستی اور اچھی تعلیم میسر ہے اور نہ ہی ملازمت۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مہاجر ان متعصب حکمرانوں اور اپنے ہی صفوں میں موجود ان عناصروں کی خلاف اٹھ کھڑے ہوں، جو مہاجروں کے استحصال اور ان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
خبر کا کوڈ : 788342
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش