0
Saturday 13 Apr 2019 01:12

مصر ایران مخالف اتحاد سے نکل گیا

مصر ایران مخالف اتحاد سے نکل گیا
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کو تنہا کرنے کی خاطر امریکہ کے بنائے گئے "عرب نیٹو" نامی ایران مخالف اتحاد سے مصر نے اپنی علیحدگی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز مصری حکومت نے امریکہ کو یہ پیغام بھیجا ہے کہ مصر اس اتحاد میں مزید باقی نہیں رہے گا، کیونکہ اس اتحاد کا کوئی واضح ایجنڈہ نہیں جبکہ یہ اتحاد ایران کے ساتھ تناو کا باعث بھی ہے۔ واضح رہے کہ عرب نیٹو اتحاد کو امریکہ نے "ایران کے خلاف ایک متحدہ محاذ" کھولنے کے لئے تشکیل دیا تھا، جس کا مقصد ایران کی صورت میں اسرائیل کے رستے میں موجود ایک بڑی رکاوٹ کو عرب ممالک کے ذریعے ہٹوانا تھا۔ لہذا مصر کے اس فیصلے کو بین الاقوامی میڈیا میں "ایران کی طاقت کو کنٹرول کرنے کے ٹرمپ کے منصوبے کو اسٹریٹیجک دھچکا" کے عنوان سے یاد کیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز ریاض میں منعقد ہونے والے "عرب نیٹو" کی میٹنگ میں مصر نے اپنے وفد کو نہیں بھیجا تھا۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی رویٹرز نے سکیورٹی، سیاسی اور اقتصادی میدانوں میں ایران کے مقابل "عرب نیٹو اتحاد" تشکیل دینے کے لئے امریکہ کی بھاگ دوڑ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مصر اس اتحاد سے الگ ہوگیا ہے کیونکہ اسے "عرب نیٹو" کی سنجیدگی پر شک تھا، جبکہ ابھی تک مصر کو اس منصوبے کی وضاحت پر مشتمل کوئی دستاویز بھی نہ ملی تھی۔ علاوہ ازیں مصر کے "عرب نیٹو" کو ترک کرنے کی ایک اور وجہ اس اتحاد کا ایران کے ساتھ تناو میں افزائش کا سبب بننا بھی ہے۔

دوسرے ذرائع کا کہنا ہے کہ قریب الوقوع امریکی صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کے دوبارہ منتخب ہونے پر عدم اطمینان کی کیفیت اور ٹرمپ کے اگلے جانشین کے "عرب نیٹو" پراجیکٹ کو بند کر دینے کا احتمال قاہرہ کے اس فیصلے کا موجب بنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ "عرب نیٹو اتحاد" میں بچ جانے والے عرب ممالک مصر کو اتحاد میں واپس لانے کے لئے اس پر اب سفارتی دباو بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ عرب ممالک میں سب سے زیادہ فوج رکھنے والے ملک مصر کا یہ فیصلہ اس بات کا باعث بھی بنے گا کہ اتحاد کی دستاویزات پر دستخطوں کے لئے عنقریب واشنگٹن میں منعقد ہونے والا "عرب نیٹو" کا پہلا باقاعدہ جلسہ ایک مرتبہ پھر ملتوی ہو جائے۔
خبر کا کوڈ : 788352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش