0
Saturday 13 Apr 2019 09:12

مولانا فضل الرحمٰن اب سیاست چھوڑ کر اللہ اللہ کریں، صمصام بخاری

مولانا نے سہولتکار کا کردار ادا کرتے ہوئے ٹھاٹھ باٹھ کی زندگی گزار کر اسلامی روایات اور قومی تقاضوں کی نفی کی
مولانا فضل الرحمٰن اب سیاست چھوڑ کر اللہ اللہ کریں، صمصام بخاری
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کی باتیں کرنیوالے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، مولانا فضل الرحمٰن، زرداری اور شریف خاندان کی کرپشن زدہ حکومتوں کے ہمیشہ سہولتکار رہے ہیں، عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں، ان کی طرف سے ملین یا بلین مارچ کی باتیں "کھسیانی بلی کھمبا نوچے" کے مترادف ہیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت گرانا بچوں کا کھیل نہیں، بدعنوانی، منی لانڈرنگ، اقرباء پروری اور قومی خزانے کی لوٹ مار میں ملوث سیاسی ٹولہ تیزی سے تاریخ کے کُوڑے دان میں جگہ بنا رہا ہے۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ عوام کے مسترد کردہ عناصر کا پاکستان کے مستقبل میں کوئی کردار نہیں، کیونکہ پاکستان کی سیاست کا مزاج بدل چکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن جن سیاسی پارٹنرز کو حکومت کیخلاف تحریک چلانے کیلئے اپنے ساتھ ملانا چاہتے ہیں، اُن کے پلے سوائے بدعنوانی، منی لانڈرنگ، اقرباء پروری اور قومی خزانے کی لوٹ مار کے اور کچھ نہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن حکومت گرانے کیلئے شوق سے تحریک چلائیں، لیکن سب جانتے ہیں کہ کھوٹے سکوں اور ٹانگے کی سواریوں سے یہ تحریک کیسے چلے گی؟ نون لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت کوئی پارٹی مولانا فضل الرحمٰن کیساتھ چل کر اپنے دامن میں مزید ناکامیوں کے داغ سجانے کو تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا کی سیاسی کشتی ڈوب چکی، بحیثیت چیئرمین کشمیر کمیٹی اُن کی عدم صلاحیت اور دلچسپیوں کا تماشا پوری قوم دیکھ چکی ہے، عوام کی مرضی کے آگے مولانا سمیت کسی کا بس نہیں چل سکتا، مولانا کی سیاست کا باب ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بند ہو چکا، اب وہ سیاست چھوڑ کر اللہ اللہ کریں۔ صوبائی وزیر سید صمصام بخاری نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور نون لیگ کی قیادت نے اپنی کرپٹ سیاست سے ملک کو ہر محاذ پر نقصان پہنچایا ہے تو مولانا فضل الرحمٰن نے بھی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے ہیں اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کے اس عمل میں ہمیشہ سہولتکار کا کردار ادا کرتے ہوئے ٹھاٹھ باٹھ کی زندگی گزار کر اسلامی روایات اور قومی تقاضوں کی نفی کی۔
خبر کا کوڈ : 788361
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش