0
Saturday 13 Apr 2019 18:10

اپوزیشن اسمبلی میں اپنے ہی ایجنڈے سے بھاگ جاتی ہے، شوکت یوسفزئی

اپوزیشن اسمبلی میں اپنے ہی ایجنڈے سے بھاگ جاتی ہے، شوکت یوسفزئی
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن والے صرف کرپشن کی بات کرتے ہیں لیکن ثبوت ایک بھی نہیں دے رہے، بلاول زرداری نے اپنی پارٹی کی کرپشن کو چھپانے کیلئے ٹرین مارچ کیا جبکہ سندھ کا بیڑہ بھی انہی کی پارٹی نے غرق کیا۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کیلئے گئے 30 ہزار ارب کے قرضے پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تقریبا ساڑھے 6 ارب روپے روزانہ سود واپس کر رہی ہے۔ اپوزیشن صوبائی اسمبلی میں دیئے گئے اپنے ہی ایجنڈے سے بھاگ جاتی ہے کیونکہ ان لوگوں کے پاس ثبوت نہیں ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ملک میں وقتی طور پر مہنگائی اپوزیشن کے لئے ہوئے قرضوں اور کرپشن کی وجہ سے ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ملک کو بہت بے دردی سے لوٹا اور ملک سے باہر جائیدادیں بنائیں، آصف زرداری اور نواز شریف ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس کر دیں تو ملک کے حالات بہت بہتر ہو جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کرپٹ سیاستدانوں کا کھرا احتساب کرے گی، کرپٹ سیاستدانوں سے کرپشن کا حساب مانگو تو دل کے مریض بن جاتے ہیں اور باہر جاکر عیاشیاں کرتے ہیں، پیپلز پارٹی نے اپنی لیڈروں کی کرپشن چھپانے کیلئے ٹرین مارچ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں مہنگائی پر دلیل کے ساتھ بات شروع کرتے ہیں تو اپوزیشن والے اسمبلی چھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، صوبائی حکومت کرپشن کے خلاف نکلی ہے کرپشن اپوزیشن نے اپنے دورحکومت میں کی ہے، اپوزیشن کے دور حکومت میں ٹھیکے اور نوکریاں بکتی تھیں، تب ان لوگوں کو کوئی شرم نہیں آتی تھی، اپوزیشن والے اسمبلی اجلاس سے راہ فرار چاہتے ہیں کیونکہ ان کے پاس بات کرنے کیلئے کوئی دلیل نہیں ہوتی ہے۔
خبر کا کوڈ : 788457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش