0
Saturday 13 Apr 2019 18:48

نیب نے شہباز شریف کی پوری فیملی کو طلبی کے نوٹس جاری کردیئے

نیب نے شہباز شریف کی پوری فیملی کو طلبی کے نوٹس جاری کردیئے
اسلام ٹائمز۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے شہباز شریف کی اہلیہ اور 2 بیٹیوں کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں طلب کرتے ہوئے ان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش بھی کردی۔ نیب نے سابق وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف کی بیگم اور بیٹیوں کو منی لانڈرنگ کیس میں طلب کرلیا ہے۔ حمزہ شہباز کو 16 اپریل، نصرت شہباز کو 17 اپریل، رابعہ عمران کو 18 اور جویریہ علی کو 19 اپریل کو طلب کیا گیا ہے۔ نیب ٹیم ان تمام افراد کے گھر پہنچی اور انہیں نوٹسز وصول کرائے لیکن یہ معاملہ اس وقت گمبھیر ہوگیا۔ جب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ نیب اور پولیس کی ٹیموں نے ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی بیٹیوں کے گھر کا گھیراؤ کرکے بغیر اطلاع کے چھاپہ مارا ہے، اور یہ اقدام قابل مذمت اور تشویش کا باعث ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل کہا تھا کہ شریف خاندان کے خلاف نئے کیسز بنائے جائیں گے، اب عوام کو سمجھ جانا چاہیئے کہ عمران خان کا ویژن کیا ہے کہ شریف خاندان کو جھوٹے کیسز میں پھنسایا جائے گا۔ نون لیگ کا بیان سامنے آنے کے بعد نیب کا وضاحتی بیان جاری ہوا جس میں چھاپہ مارنے کی تردید کی گئی۔ نیب لاہور کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شریف فیملی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور مبینہ منی لانڈرنگ کیس پر تحقیقات جاری ہیں، نیب ٹیم شہباز شریف کی صاحبزادیوں کے گھر طلبی کے نوٹس پہنچانے گئی تھی اور چھاپہ نہیں مارا۔

نیب نے کہا کہ پولیس کی صرف ایک گاڑی سکیورٹی کے لئے ہمراہ تھی، شہباز شریف کی صاحبزادی کے گھر کا گھیراؤ کرنے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں، مخصوص عناصر نیب کو بدنام کرنے کیلئے من گھڑت پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ایس پی ماڈل ٹاؤن لاہور علی وسیم نے بھی کہا کہ پولیس کی جانب سے نہ چھاپہ مارا گیا ہے نہ نفری بھیجی گئی ہے، نیب کی ٹیم صرف نوٹس دینے گئی تھی جو وصول کرا کر واپس آ گئی ہے۔ مریم اورنگزیب سے جب اس بارے میں استفسار کیا گیا، تو انہوں نے کہا کہ پولیس اور نیب نے گھر کا گھیراؤ کرکے نوٹس دیا، بغیر کسی اطلاع کے گھیراؤ کرنا کس قسم کا احتساب ہے۔

علاوہ ازیں نیب لاہور نے نصرت شہباز، جویریہ اور رابعہ شہباز کو بیرون ملک فرار ہونے سے روکنے کے لئے ایف آئی اے کو خط لکھ دیا ہے۔ نیب نے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے امیگریشن کو خط لکھ کر نصرت شہباز، رابعہ عمران، جویریہ علی اور عائشہ ہارون کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ان خواتین کے نام ای سی ایل میں نہیں ڈالے جاتے، اس وقت تک پی این ایل لسٹ میں ڈال دیئے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 788461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش