0
Sunday 14 Apr 2019 12:38

قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی سانحہ ہزار گنجی کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور خطاب

قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی سانحہ ہزار گنجی کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور خطاب
اسلام ٹائمز۔ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے ہزار گنجی واقعے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے ساتھ امام بارگاہ ہزارہ ٹاؤن میں اظہار ہمدردی اور شہداء کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے شھداء کے بلند درجات اور اعلیٰ مقام کی دعا کی۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے شھداء کے لواحقین سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ لوگوں کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ شہر ہے، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ وزیراعظم پاکستان  عمران خان کی قیادت میں قائم پاکستان تحریک انصاف کی موجودہ حکومت کی پالیسی ہے کہ ہم نے ہر حالت میں امن کو قائم رکھنا ہے۔ ایک عرصہ سے کوئٹہ شہر میں یہ ظلم ہو رہا ہے اور ہمارے شہر کے بے گناہ معصوم بچے، بڑے، ہمارے بہن بھائی شھید ہو رہے ہیں اور ایک عرصہ سے ہم دشمنوں کے نشانے پر ہیں۔ وفاقی حکومت دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے خائف نہیں ہوگی اور ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، دشمن کبھی یہ نہیں چاہتا کہ پاکستان پرامن ہو، اسی لئے پیٹھ پیچھے وار کرتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان اور حکومت کی نیشنل ایکشن پلان کو مزید موثر بنانا اور دہشت گردی کو ختم کرنا اولین ترجیح ہے۔ میں قومی اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر ہوں اور میرا دل میرے شھر کوئٹہ، میرے صوبے بلوچستان اور میرے پیارے وطن پاکستان میں ہونے والے ان واقعات پر خون کے آنسو روتا ہے۔ کوئٹہ کا امن ایک منصوبے کے تحت تباہ کیا گیا اور یہ شہر ایک عرصے سے دشمن کے نشانے پر ہے، جنہوں نے یہاں پر ظلم کا بازار گرم کیا۔ جس میں کئی بین الاقوامی طاقتوں کا ہاتھ ہے۔ جنہوں نے یہاں کی سماجی، اقتصادی اور بھائی چارے کی فضا کو بری طرح متاثر کیا۔ خصوصاً بلوچستان کی ہزارہ برادری کو جس طرح نشانہ بنایا گیا، جس طرح ان کی نسل کشی کی گئی، اس سے وزیراعظم عمران خان پوری طرح واقف ہیں اور انہیں علم ہے کہ ہزارہ برادری کے ساتھ جو ظلم ہوا ہے اور جو بربریت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان حالت جنگ میں ہے، آپ سب کو پتہ ہے کہ ہندوستان نے ہم پر حملہ کیا، جسے ہماری بہادر افواج نے ناکام بنایا۔ ہندوستان چین سے نہیں بیٹھا ہے اور اس کی کوشش ہے کہ دوبارہ حملہ کرے اور پاکستان کو زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچائے۔

میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اس شہر کو پرامن بنانے کیلئے اور اس شہر کے ہر فرد کو خواہ وہ کسی مذہب، کسی فرقے، کسی زبان و رنگ کا ہو، اس کی پوری حفاظت اور اس کی پوری مذہبی آزادی کیلئے اپنی پوری کوششیں کر رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں آپ دیکھیں گے کہ حکومت سختی کے ساتھ ان عناصر سے نمٹنے گی، جو اس قسم کی بربریت میں ملوث ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ جب سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آئی ہے، کافی عرصہ بعد کوئٹہ میں یہ دہشت گردی کا پہلا بڑا واقعہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے امن خراب اور قیمتی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔ جب امن ہوگا تو روزگار ملے گا، جب امن ہوگا تو نوکریاں ملیں گی، جب امن ہوگا تو ملک ترقی کرے گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج اور پولیس فورس کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں ہیں اور کل کے سانحہ میں بھی ایف سی کا ایک جوان شہید اور باقی جوان زخمی ہوئے ہیں۔ کوئٹہ میں جب بھی دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوا، پاکستان تحریک انصاف نے آواز اٹھائی ہے اور خصوصاً ہزارہ برادری کے ساتھ ہونے والے ظلم و بربریت کے خلاف ہم نے آواز اٹھائی ہے۔ ہماری حکومت کی پوری کوشش ہے کہ ہم اس ظلم کا خاتمہ کریں، ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں کہ ہمارا مملکت خدادا پاکستان امن کا گہوارہ ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 788572
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش