0
Sunday 14 Apr 2019 18:54

مودی کو الیکشن میں ہیر پھیر نظر آئی تو وہ پاکستان میں دہشتگردی کریگا، شیخ رشید

مودی کو الیکشن میں ہیر پھیر نظر آئی تو وہ پاکستان میں دہشتگردی کریگا، شیخ رشید
اسلام ٹائمز۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ریلوے ٹریک کی حفاظت اللہ کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مر جاؤں گا، لیکن جھوٹ نہیں بولوں گا، 9 سال سے جھوٹ بولنا چھوڑ دیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملکی مسائل کو حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کا خسارہ بہت زیادہ ہے، ریلوے کے ملازمین کی تعداد ایک لاکھ ہے، جبکہ ڈیڑھ لاکھ افراد کو پنشن دے رہے ہیں، اسی طرح ایم ایل ون میں بھی ڈیڑھ لاکھ افراد کو نوکریاں ملیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان 27 اپریل 2019ء کو اس سلسلے میں معاہدے پر دستخط کریں گے، جس کے نتیجے میں کراچی سے پشاور کیلئے ایک نیا ڈبل ٹریک بچھایا جائے گا، جس پر ٹرین کی کم سے کم رفتار 160 کلومیٹر ہوگی، یہ منصوبہ اگلے 5 سال میں مکمل ہوگا، ایم ایل ون منصوبہ پاکستان کی تاریخ بدل دے گا، ہم چاہتے ہیں کہ ایم ایل ٹو پر بھی کام شروع ہو جائے۔

کراچی سرکلر ریلوے کے منصوبے کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ ابھی تک کراچی سرکلر ریلوے کا ڈیزائن نہیں بنا، جیسے ہی سندھ حکومت معاہدے پر دستخط کرے گی اور ڈیزائن، فزیبیلیٹی کی منظوری دی جائے گی، پاکستان ریلویز فوری طور پر تجاوزات کا خاتمہ کر دے گی اور سندھ حکومت کو اس کا انتظام حوالے کر دے گی، کئی کمرشل تجاوزات کا پہلے سے ہی خاتمہ کیا جا چکا ہے اور اب سندھ حکومت کو اس ضمن میں کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہماری مدت اقتدار میں کے سی آر مکمل نہیں ہوتا، تو پھر وہ کبھی بھی مکمل نہیں ہو پائے گا، یہ واقعی ایک اہم منصوبہ ہے، جو اب سی پیک اور گوادر پورٹ کا حصہ بھی بن گیا ہے۔ بھارتی جارحیت کے حوالے سے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ریلوے ٹریک کی حفاظت اللہ کر رہا ہے، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو انتخابات میں ہیر پھیر نظر آئی، تو وہ پاکستان میں دہشتگردی کرے گا۔
خبر کا کوڈ : 788600
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش