0
Sunday 14 Apr 2019 23:12

ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن قریب دیکھ کر مہاجر کارڈ استعمال کر رہی ہے، ایاز پلیجو

ایم کیو ایم بلدیاتی الیکشن قریب دیکھ کر مہاجر کارڈ استعمال کر رہی ہے، ایاز پلیجو
اسلام ٹائمز۔ قومی عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات قریب دیکھ کر مہاجر کارڈ استعمال کرنے کیلئے نفرتیں پھیلا رہی ہے، تعلیم یافتہ پُرامن، محب وطن اور سندھ کی مٹی سے جڑے ہوئے اردو بولنے والے اب ایم کیو ایم کی دہشتگردی اور نفرت پر مبنی سیاست کو قبول نہیں کریں گے، پی ٹی آئی حکومت ملک کے امن اور بھائی چارے کو داﺅ پر لگانے والوں سے خود کو الگ کرکے اپنی پوزیشن واضح کرے۔ اپنے بیان میں ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ عالمی سامراجی طاقتوں کے ایجنٹوں نے پاکستان اور اس ریجن کو کمزور اور غیر مستحکم کرنے کیلئے 12 مئی، 22 مئی، بلدیہ فیکٹری، نشتر پارک اور صفوران سمیت سانحات اور دہشتگردی کے بڑے واقعات کروا کر معصوم لوگوں کو قتل کیا گیا اور سب سے زیادہ اردو بولنے والی ماﺅں کی جھولیاں خالی کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ان دہشتگردوں اور ان کے کرپٹ وزراء نے ہر حکومت کو بلیک میل کرکے اربوں روپے کے پیکیجز لے کر عوام کے پیسے لندن اور دیگر ممالک منتقل کرکے غیرقانونی جائیدادیں بنائیں۔

لطیف پلیجو نے کہا کہ جس طرح پیپلز پارٹی سندھ اور شہیدوں کو الیکشن میں کارڈ کے طور پر استعمال کرتی ہے، اسی طرح ایم کیو ایم اردو بولنے والوں کو مہاجر کارڈ کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت غریب مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے، ادویہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، کھانے سمیت عام استعمال کی دیگر اشیاء خریدنا مزدور کسان اور غریب عوام کے بس کی بات نہیں رہی۔ انہوں نے کہا کہ گرمیوں کے آغاز کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا عذاب گرا دیا گیا ہے، عوام کی تکالیف پر آواز بلند کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کے بجائے اسے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پہلے بھی عالمی سامراجی طاقتوں کے اشاروں پر سندھ کو تقسیم کرنے کی سازش کی تھی۔
خبر کا کوڈ : 788632
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش