QR CodeQR Code

ملک کے بیشتر شہروں میں آئندہ دو روز تک شدید بارش ہو گی، محکمہ موسمیات

15 Apr 2019 09:34

محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش کی وجہ سے آئندہ چار روز کے دوران مکران، کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان جبکہ منگل اور بدھ کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں اگلے دو روز تک تیز ہواؤں، آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ لاہور، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا سمیت جنوبی پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں آئندہ دو روز تک اکثر مقامات پر جبکہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، شہید بینظر آباد، سکھر، لاڑکانہ، کراچی، حیدرآباد، ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اس دوران مکران، قلات، ژوب، کوئٹہ ڈویژن میں بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش کی وجہ سے آئندہ چار روز کے دوران مکران، کوئٹہ، ژوب، ڈی جی خان ڈویژن میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا امکان جبکہ منگل اور بدھ کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین نے کہا ہے کہ کاشتکار حضرات کے لئے اطلاع ہے کہ آئندہ پانچ روز کے دوران پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں متوقع آندھی، بارش اور ژالہ باری کے پیشِ نظر اپنی فصلوں کی حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان، کوئٹہ، قلات، ژوب، مکران اور سبی ڈویژن میں کہیں کہیں پر تیز ہواوں، آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوا میں اپر دیر 20، میر کھانی 13، چترال 10، کالام، دروش 9، بالا کوٹ 7، کاکول 6، سیدو شریف، پارا چنار 5، بنوں 4، ڈی آئی خان 2، لوئیر دیر، مالم جبہ، پٹن 1، جبکہ کشمیر میں گڑھی دوپٹہ 15، مظفر آباد 10، راولاکوٹ 4، پنجاب کے خانیوال 8، ساہیوال 7، ملتان 5، لیہ 3، جھنگ 1، بلوچستان کے زوب 14، کوئٹہ 6، خضدار، گوادر 2، پسنی 1، گلگت بلتستان کے بگروٹ، چلاس، ہنزہ 2 اور سکھر میں 1ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز لاہور، سرگودھا راولپنڈی ڈویژن سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع سمیت کوئٹہ، ژوب، مکران، قلات ڈویژن میں اکثر مقامات پر جبکہ سبی، نصیر آباد، ڈی آئی خان، ڈی جی خان، بنوں میں کہیں کہیں پر اور شہید بینظر آباد، سکھر، لاڑکانہ، کراچی، مالاکنڈ، میں بعض مقامات پر تیز ہوا و آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔


خبر کا کوڈ: 788655

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/788655/ملک-کے-بیشتر-شہروں-میں-ا-ئندہ-دو-روز-تک-شدید-بارش-ہو-گی-محکمہ-موسمیات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org